راولپنڈی (نمائندہ جنگ)وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ وزیر اعظم عمرا ن خان کے ویژن کے مطابق پاکستان ریلوے کی آخری باؤنڈری تک ریل ٹریک کے دونوں اطراف درخت لگائے جائیں گے تاکہ ماحول کو آلودگی سے بچانے کے ساتھ ساتھ ملک کو سرسبز و شاداب بنایا جا سکے،ریل لائن کی باؤنڈری کو درخت لگا کر محفوظ بنائیں گے، ریلوے کی ساتوں ڈویژنوں میں چار چار نرسریاں قائم کی جائیں گی ، جہلم ، ملک وال اور راولپنڈی میں نرسریوں کو جلد ہی فعال کیا جا رہا ہے تاکہ ایک سال کے عرصہ تک ریلوے پٹری کے اطراف کو درختوں سے سرسبز کیا جا سکے، وزیر اعظم نے اضافی اخراجات پر پابندی لگائی ہے،ریلوے میں آرام حرام اور کام حلال ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈویژنل انتظامیہ راولپنڈی کی طرف سے کورال چوک ، اسلام آباد ایکسپریس وے میں ’’پلانٹ فار پاکستان‘‘شجر کاری مہم کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا، اس میں کمشنر راولپنڈی ڈویژن سیف انجم، ڈپٹی کمشنر راولپنڈی ڈاکٹر عمر جہانگیر ، ایڈیشنل کمشنر طارق سلام مروت، ڈی جی پی ایچ اے راولپنڈی، ضلعی افسران اور زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے لوگوں نے شرکت کی ، اس میں موقع پر کورال چوک کی گرین بیلٹ میں پانچ ہزار پودے لگائے گئے،وفاقی وزیر ویلوے شیخ رشید احمد نے کہا کہ ٹمبر مافیا کے خلاف بھی سخت کاروائی کی جائے گی۔