پاکستان تحریک انصاف دبئی کی جانب سے گزشتہ دنوںمقامی ہوٹل میں تقریب منعقد کی گئی، جس کااہتمام دبئی تحریک انصاف کے صدر عرفان افسر اعوان، نائب صدر دلاور حسین اور ابوظہبی پی ٹی آئی کے صدر رضوان خان بنگش نےکیا تھا،تقریب کا مقصد قومی انتخابات 18میں بھرپور کامیابی، عمران خان کا وزیراعظم بننا، اوورسیز پاکستانیز کو ووٹ کا حق ملنا اور یوم آزادی پاکستان کے حوالے سے تھا۔ جشن نیا پاکستان کے حوالے سے تقریب میں ڈاکٹر رحمنیہ ظفر، پی ٹی آئی کے مقامی عہدیداروں اور دیگرسیاسی جماعتوں کے رہنمائوں نے بھی شرکت کی۔
14اگست ہمارے لئے خصوصی ہے۔ امسال یہ ہمارے لیے دوہری خوشی کا دن ہے۔ عمران خان کا خواب پورا ہوا۔ وہ ہمارے اب اور سب کے وزیراعظم ہیں۔ ہم سب نے مل کر عمران خان کا بازو بننا ہے۔ ہر وہ کام کریں جس سے ہمارے ملک کا فائدہ ہو۔ یہی اوورسیز کے لئے عمران خان کا بھی پیغام ہے۔ یہاں مقیم پاکستانی بزنس مین پاکستانی مصنوعات کو زیادہ سے زیادہ فروغ دیں۔ پی ٹی آئی ابوظہبی کے صدر حمن بنگش نے کہا میڈیا نے نئے پاکستان کے قیام میں اہم رول ادا کیا ہے۔یہ حقیقی جشن کا دن ہے۔ آزادی کی مبارک باد کے ساتھ یہ دن یاددہانی کرواتا ہے۔پاکستان کے عوام جانتے ہیں کہ اب حقیقی حکومت ملی ہے۔ انشاء اللہ نئے پاکستان میں ہمارے نمائندے ہماری مرضی کا قانون لے کر آئیں گے۔ اب عوامی دور ہوگا۔ پی ٹی آئی دبئی کے صدر عرفان افسر اعوان نے کہا عمران خان کی 22 سالہ جدوجہد کو دیکھ کریہ کہتا ہوں کہ ہم نے ابھی پہلی سیڑھی چڑھی ہے۔ ہماری حکومت کے سامنے بہت سے چیلنجز ہیں۔ نیا پاکستان بن کر سامنے آئے گا۔ جس کا خواب ہم نے اور ہماری نئی نسل نے دیکھا ہے۔ میں کچھ ایسی باتیں شیئر کرنا چاہتا ہوں کہ آگے چل کر ہم نے نئے پاکستان کی ابتدا کیسی رکھنی ہے۔ ہم اقلیتی نمائندوں، دیگر جماعتوں، ہمسایہ ممالک اور بزنس کمیونٹی کے ساتھ کھڑے ہوں گے۔ اس کی صرف اور ایک ہی وجہ ہے کہ پورے خطہ میں امن اور ترقی ایک ترقی یافتہ پاکستان ہی لاسکتا ہے۔ ہم کرپشن سے پاک پاکستان کے سفر میں عمران خان کے ساتھ کھڑے رہیں گے۔ عالمی سطح پر پاکستان کا نام بلند کریں گے۔ وزیراعظم پاکستان عمران خان کی سسٹر ان لاء مریم وٹو کو خصوصی طور پر تقریب میں مدعو کیا گیا۔ آخر میں بھرپور تالیوں کی گونج میں یوم آزادی پاکستان کا کیک بھی کاٹا گیا۔ معروف قانون دان رئیس قریشی، فرزانہ منصور، شیریں درانی، راجہ خیام الحق، راجہ محمد سرفراز، چوہدری خالد حسین اور شرافت علی شاہ نے بھی شرکت کی۔ پاکستان کی سلامتی کے لئے بھی دعا کی گئی۔
پاکستان سوشل سینٹر شارجہ نے بھی یوم آزادی پاکستان کی تقریب منعقد کی۔ شارجہ مرکز کی تزئین و آرائش کا کام جاری ہے۔ مرکز کے صدر چوہدری خالد حسین نے مقامی ریسٹورنٹ میں تقریب کا اہتمام کرکے یہ ثابت کیا کہ ہم عظیم قوم ہیں۔ تقریب کے مہمان خصوصی ویلفیئر قونصلر ڈاکٹر ناصر خان تھے، جب کہ کمیونٹی کی ممتاز شخصیات انجینئر احسان اللہ، راجہ محمد سرفراز، شہزاد ملک، اسلم عمران، سفیر احمد ستی، عبدالوحید پال، جمیل اسحاق، عمر بلوچ، شیر اکبر آفریدی، سید وقار گردیزی ایڈووکیٹ، زبیر خان، چوہدری افتخار، عمران رفیق، الیاس ڈار اور دیگر نے شرکت کی۔ مہمانوں کی آمد پر سنہرے مفلر پہنائے گئے۔ آغاز تلاوت قرآن پاک سے ہوا، جس کی سعادت ڈاکٹر شہزاد نے کی۔ کمپیئرنگ کے فرائض حافظ زاہد علی نے بخوبی سرانجام دیئے۔ پاکستانی اسکولوں کے بچوں نےپاکستان اور یو اے ای کے قومی ترانے پیش کئے۔ محمد افتخار چوہدری جنرل سیکریٹری نے خوش آمدید کے ساتھ یوم آزادی پاکستان پر روشنی ڈالی۔ عشال عاصم اور اسل عاصم نے بھی قائداعظم محمد علی جناح کو خراج عقیدت پیش کیا۔ بچوں نے ٹیبلو اور قومی نغمے پیش کئے جس کی تیاری حافظ عبدالرئوف نے کروائی تھی۔ جسے بے حد پسند کیا گیا۔
تقریب میں جہاں خدمات کمیونٹی کے عوض سرٹیفکیٹ تقسیم کئے گئے، وہیں تن سازی کا بھی مقابلہ ہوا ،بہترین تن سازی کا مظاہرہ کرنے والوں میں چوہدری خالد حسین، چوہدری افتخار، عمران رفیق کی جانب سے سرٹیفکیٹ دیئے گئے۔ ان تن سازوں نے شارجہ سوشل سینٹر کے تحت چلنے والے جم میں تربیت حاصل کی۔ اسپورٹس کوآرڈینیٹرعابد رضا عابدی کی جانب سے ہاکی ٹورنامنٹ کی ٹرافی، رونمائی بھی کی گئی۔ مہمان خصوصی ڈاکٹر ناصر خان اور مرکز کے عہدیداران نے مل کر یوم آزادی پاکستان کا کیک کاٹا اس موقع پر ڈاکٹر ناصر خان نے کہا ہمارا وطن کامیابی و کامرانی کی جانب رواں ہے۔ تمام تر مخالفتوں اور مشکلات کے باوجود71 برس قبل قائداعظم محمد علی جناح کی قیادت میں پاکستان معجزے کی صورت میں قیام میں آیا۔ چوہدری خالد حسین نے شرکائے تقریب اور مہمانوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ امارات ہمارا دوسرا گھر ہے۔ امارات کے حکمرانوں نے ہمیشہ پاکستان اور پاکستانیوں کو عزت دی۔ برج خلیفہ پر بھی امارات حکومت کی جانب سے پاکستان پرچم سجانا باعث افتخار ہے۔ ہم سب نے مل کر پاکستان کو مشکلات سے نکال کر استحکام کی طرف لے کر جانا ہے۔ آخر میں پاکستان کی سلامتی اور خوشحالی کی دعا بھیکی گئی۔
پاکستان مسلم لیگ (ن) شارجہ، آل پاکستان مسلم لیگ یو اے ای اور پاکستان پیپلزپارٹی کی جانب سے بھی یوم آزادی پاکستان کے حوالے سے تقاریب کا اہتمام کیا گیا۔ مسلم لیگ (ن) کی جانب سے شارجہ صدر محمد غوث قادری مقامی ریسٹورنٹ میں اہتمام کیا گیا۔ جس میں مسلم لیگ کے عہدیداران عبدالوحید پال، دوست محمد اعوان، ملک شہزاد، چوہدری عارف منہاس، چوہدری بشیر شہزاد اور دیگر نے شرکت کی۔ اس موقعے پرکیک کاٹا گیا۔
پاکستان پیپلزپارٹی کے سینئر رہنمائوں راشد چغتائی، سردار یعقوب جاوید، سید سجاد حسین شاہ، چوہدری ناصرمحمود، محمد اسلم بلوچ اور دیگر نے مل کر کیک کاٹا اور پاکستان کے قیام اور جدوجہد پر روشنی ڈالی۔