• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

چیف جسٹس پاکستان ماڈل ٹائون قتل عام کا کب نوٹس لیں گے، فضل قادری

برمنگھم (پ ر)پاکستان رابطہ کونسل برطانیہ کے چیئرمین مفتی فضل احمد قادری نے کہا ہے کہ چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس ثاقب نثار ہسپتالوں اور اسکولوں کی چیکنگ کررہے ہیں جبکہ ماڈل ٹائون میں 15انسانوں کا قتل اور ایک سو سے زیادہ زخمیوں کا ابھی تک کوئی نوٹس نہیں لیا گیا، چار سال سے اس قتل کیس کے مجرموں کو کوئی سزا نہیں دی گئی، چھوٹے چھوٹے واقعات کا نوٹس لیا جارہا ہے اور قاتلوں کو معاف کیا جارہا ہے، چیف جسٹس نے پانامہ کی بقیہ 435کی لسٹ کو ابھی تک نہیں کھولا، میاں نواز شریف کو سزا دینے کے بعد عوام کے اندر عدالتوں پر جو اعتماد بحال ہوا تھا وہ ختم ہوتا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آصف زرداری پر35ارب کی کرپشن اور منی لانڈرنگ کا کیس ہے، عدالتیں اب تاخیر کررہی ہیں ہر روز کوئی نئی تاریخ دی جاتی ہے عمران خان نے تمام چوروں اور ڈاکوئوں کے خلاف کارروائی کرنے کا وعدہ کیا تھا اب وقت آگیا ہے کہ ملک دشمن، کرپٹ عناصر کو انجام تک پہنچایا جائے، عوامی مینڈیٹ پر پورا اترا جائے اور جن لوگوں کے نام پانامہ اور این آر او میں ہیں ان کو معاف نہ کیا جائے عدل اور انصاف کا نظام نافذ کیا جائے۔ مفتی فضل احمد نے کہا کہ عمران خان کی حکومت پہلے ملک کو کرپشن کی گندگی سے صاف کرے، قانون کی بالادستی قائم کی جائے جب تھانوں اور عدالتوں میں انصاف ہوگا تو اس کے اثرات پورے معاشرے پر پڑیں گے، بڑے بااثر افراد کو سزائیں ہوں گی تو نچلی سطح پر بھی خوف اور ڈر پیدا ہوگا اور ملک میں سیاسی اور معاشی استحکام آئے گا، امن قائم ہوگا ،عوام کا اعتماد حکومت پر بحال ہوگا۔
تازہ ترین