اسلام آباد(ایجنسیاں) تحریک انصاف اور اتحادی جماعتوں کے صدارتی امیدوار ڈاکٹر عارف علوی 353 ووٹوں کی واضح اکثریت سے13 ویں صدر مملکت منتخب ہو گئے۔ ان کے مدمقابل مسلم لیگ (ن)، متحدہ مجلس عمل سمیت دیگر اتحادی جماعتوں کے امیدوار مولانا فضل الرحمان185ووٹ لیکر دوسرے جبکہ پیپلز پارٹی کے امیدوار اعتزاز احسن 124ووٹوں کے ساتھ تیسرے نمبر پر رہے۔صدر مملکت کا انتخاب خفیہ رائے شماری کے ذریعے ہوا ‘حتمی نتیجے کا اعلان آج کیا جائے گا‘ عارف علوی 9ستمبر کو عہدے کا حلف اٹھائیں گے‘الیکشن کمیشن کے مطابق صدارتی انتخاب میں کل 1083 ووٹ کاسٹ اور 27مسترد ہوئے ‘صدارتی انتخاب کے لئے منگل کو چاروں صوبائی اسمبلیوں اور قومی اسمبلی میں پولنگ ہوئی۔ پولنگ کا آغاز صبح 10 بجے ہوا جو بغیر کسی وقفہ کے سہ پہر چار بجے تک جاری رہا۔ قومی اسمبلی ہال میں قومی اسمبلی اور سینیٹ کے اراکین نے اپنے ووٹ کا حق استعمال کیا جبکہ چاروں صوبائی اسمبلیوں میں صوبائی اسمبلیوں کے ممبران نے صدارتی انتخاب کے لئے اپنا ووٹ ڈالا۔ قومی اسمبلی، سینیٹ اور بلوچستان اسمبلی میں ایک رکن ایک ووٹ جبکہ پنجاب، سندھ اور خیبر پختونخوا اسمبلیوں کے ووٹوں کو سب سے کم ووٹ کی حامل اسمبلی بلوچستان کے 65 ووٹوں کے حساب سے تقسیم کیا گیا تھا۔ صدارتی انتخاب کے لئے الیکٹورل کالج کے ووٹوں کی تعداد 706 تھی تاہم قومی اسمبلی کی 12، سینیٹ کی 2 اور بلوچستان اسمبلی کی 4 نشستیں خالی ہیں۔ قومی اسمبلی اور سینیٹ میں ڈالے گئے کل ووٹوں کی تعداد 430تھی جبکہ 6ووٹ مسترد قرار دیئے گئے۔ غیر حتمی نتائج کے مطابق تحریک انصاف کے صدارتی امیدوار ڈاکٹر عارف علوی کو قومی اسمبلی اورسینیٹ سے212 ووٹ ملے‘ بلوچستان اسمبلی سے45، پنجاب اسمبلی سے186، سندھ اسمبلی سے56 اور خیبر پختونخوا اسمبلی سے 78 ووٹ ملے۔ مسلم لیگ (ن) اور اتحادی جماعتوں کے امیدوار مولانا فضل الرحمان کو قومی اسمبلی اور سینیٹ سے131، بلوچستان اسمبلی سے 15، پنجاب اسمبلی سے 141، سندھ اسمبلی سے ایک اور خیبر پختونخوا اسمبلی سے 26 ووٹ ملے۔ پیپلز پارٹی کے صدارتی امیدوار اعتزاز احسن کو قومی اسمبلی اور سینیٹ سے81، بلوچستان اسمبلی سے کوئی ووٹ نہیں ملا،انہیں پنجاب اسمبلی سے 6، سندھ اسمبلی سے100 ووٹ اور خیبر پختونخوا اسمبلی سے 5 ووٹ ملے ۔ وزیراعظم عمران خان، چاروں وزراءاعلیٰ، چیئرمین سینیٹ، سپیکر قومی و صوبائی اسمبلیوں سمیت تمام اہم حکومتی شخصیات اور اپوزیشن نے اپنے ووٹ کا حق استعمال کیا۔ ریٹرننگ آفیسر کی جانب سے صدارتی انتخاب کا یکجا نتیجہ آج بدھ کو جاری کیا جائے گا۔صدر مملکت کا انتخاب خفیہ رائے شماری کے ذریعے ہوا ۔ صدارتی انتخابات کے انعقاد کیلئے چیف الیکشن کمشنر نے بحثیت ریٹرننگ افسر فرائض انجام دیئے جبکہ ہائی کورٹس کے چیف جسٹس صاحبان کو بطور پریذائیڈنگ افسر تعینات کیا گیا۔ الیکشن کمیشن کی جانب سے پولنگ اسٹیشن کے اندر موبائل فون لانے پر پابندی عائد تھی جس کا مقصد ووٹ کی رازداری کو قائم رکھناتھا۔ حتمی نتیجہ کا اعلان ریکارڈ کی وصولی کے بعد (آج)5 ستمبر دوپہر ایک بجے تک کر دیا جائے گا اور اس کے مطابق کامیاب امیدوار کا نوٹیفکیشن جاری کیا جائے گا۔علاوہ ازیں الیکشن کمیشن نے صدارتی انتخابات 2018ء کے نتائج کی تفصیلات جاری کر دی ہیں جس کے مطابق عارف الرحمن علوی نے 353 الیکٹورل ووٹ حاصل کئے جبکہ ان کے مدمقابل فضل الرحمن نے 185 اور اعتزاز احسن نے 124 الیکٹورل ووٹ حاصل کئے۔ چیف الیکشن کمشنر/ریٹرننگ افسر کی جانب سے جاری بیان کے مطابق الیکٹورل کالج میں نشستوں کی کل تعداد 1174 تھی جس میں سے 52 نشستں خالی رہیں/نتیجہ روکا گیا یا سینیٹ اور اسمبلیوں میں کامیاب امیدوار کی طرف سے حلف نہیں اٹھایا گیا۔ تمام پریذائیڈنگ افسران کی طرف سے موصولہ نتیجہ کے مطابق کل 1110 ووٹرز نے اپنا حق رائے دہی استعمال کیا جن میں سے 27 ووٹوں کو پریذائیڈنگ افسران نے مسترد کیا اور اس طرح ڈالے گئے درست ووٹوں کی تعداد 1083 رہی، ہر امیدوار کے حق میں کاسٹ ہونے والے درست ووٹوں کی بنیاد آئین کے دوسرے شیڈول کے پیرا گراف 18 کی شقوں کی روشنی میں نتیجہ کا تعین کیا گیا۔ الیکشن کمیشن کے بیان کے مطابق فارم VII پر باضابطہ نتیجہ تیار کیا جائے گا اور پریذائیڈنگ افسران کی طرف سے اصل ریکارڈ موصول ہونے کے بعد وفاقی حکومت کی طرف سے باضابطہ نوٹیفکیشن کے اجراءکیلئے (آج) بدھ کو وفاقی حکومت کو بھیجا جائے گا۔ کراچی سے اسٹاف رپورٹرکے مطابق صدارتی الیکشن کے حوالے سے سندھ اسمبلی میں کل 158 ووٹ کاسٹ ہوئے ‘ اعتزاز احسن نے 100 ووٹ عارف علوی نے 56 ووٹ اور مولانا فضل الرحمان نے ایک ووٹ حاصل کیاجبکہ ایک ووٹ مسترد ہوا۔ سندھ اسمبلی میں الیکٹو رل کالج 163تھا ، جبکہ 158ارکان نے ووٹ کا حق استعمال کیا، سندھ اسمبلی کے ارکان کی تعداد 168ہےلیکن ووٹرز کی تعداد 163تھی کیونکہ 2ارکان نے ابھی حلف نہیں اٹھایا،بقیہ نشستوں پرضمنی انتخا بات ہونے ہیں،5ارکان نے اپنا حق رائے دہی استعمال نہیں کیا اس طرح۔ کل 158ووٹرز نے ووٹ کاسٹ ہوئے۔دریں اثناسندھ اسمبلی میں صدارتی الیکشن کیلئے پولنگ آدھا گھنٹہ لیٹ شروع ہوئی۔ پہلا ووٹ عزیز جونیجو ، دوسرا باری پتافی اور تیسرا عبدالجبار نے کاسٹ کیا۔پی ٹی آئی کے صدارتی امیدوار عارف علوی کے پولنگ ایجنٹ حلیم عادل شیخ ہیں جب کہ مولانا فضل الرحمان کے پولنگ ایجنٹ عبدالرشید اور اعتزاز احسن کے سید ناصر شاہ مقررکئے گئے تھے۔