اسلام آباد (نمائندہ جنگ، نیوز ایجنسیز) پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری نے کہا ہے ہم سے سوال کرنیوالے نواز شریف سے پوچھیں، وہ کبھی اپوزیشن میں کیوں نہیں بیٹھتے، عمران خان کو امریکی وزیر خارجہ سے ضرور ملنا چاہیے۔ کیوں کہ ہمیں دنیا کیساتھ تعلقات بنانے ہیں، دنیا سے کٹ کر نہیں رہا جاسکتا ہے۔ صدارتی انتخاب کے موقع پر پارلیمنٹ میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا پیپلز پارٹی نے ہمیشہ غریبوں، مزدوروں، کسانوں ، نوجوانوں اور پسے ہوئے طبقات کی سیاست کی، جمہوریت کیلئے قربانیاں دیں کیونکہ ملکی مسائل کا حل جمہوریت میں ہی ہے، اسی سے ملک میں خوشحالی و استحکام آئیگا۔ آصف زرداری نے کہا اعتزاز احسن ایک منجھے ہوئے سیاستدان ہیں جو قانون سازی اور پارلیمانی امور کو سمجھتے ہیں۔