• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن



گورنر سندھ عمران اسماعیل کی جانب سے انوکھا اقدام اٹھاتے ہوئے گورنر ہاؤس کو عوام کے لئے کھول دیا گیا ہے، اس طرح پہلی مرتبہ بغیر ٹکٹ کسی بھی سرکاری عمارت عوام کی تفریح کے لئے پیش کیا گیا ہے۔

گورنر ہائوس کے پارک میں موجود شہریوں نے عمران اسماعیل کے اس فیصلے پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ عوام کے لیے یہ بہت اچھی جگہ ہے وہ یہاں آکر پرنہایت سکون محسوس کر رہے ہیں اور سب سے بڑی بات کہ یہاں شہریوں کے لیے چہل قدمی کی وسیع جگہ ہے۔

سرکاری زمین کا ایک مخصوص حصہ عوام کے لیے کھولے جانے پر عوام کا کیا درعمل ہے؟ اس سوال کے جواب میں ایک شہری نے جنگ سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ گورنر سندھ عمران اسماعیل کی جانب سے یہ بہت اچھا اقدام اٹھایا گیا ہے۔ ایسا پہلی مربتہ ہوا ہے کہ کوئی عام شہری سرکاری احاطے میں بغیر کسی ٹکٹ یا روک تھام کے صرف اپنی شناخت کرا کے با آسانی اندر جا یا جاسکتا ہے۔

شہریوں کا مزید کہنا تھا کہ عمران خان کی نئی حکومت میں مثبت تبدیلی دیکھنے میں آرہی ہے جو کہ آنے والے وقت میں ملک اور عوام کے لیے اچھی ثابت ہوسکتی ہے۔

گورنر ہائوس کی انتظامیہ نے جنگ سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ شہریوں کے لیے گورنر ہائوس کھولنے کی اصل وجہ یہ ہے کہ انہیں چہل قدمی کے لیے پارک فراہم کیا جائے یہی وجہ ہے کہ ان کے لئے صبح سویرے6بجے کے اوقات رکھے گئے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ شہر میں ناپید ہوتے عوامی پارک کے پیش نظر گورنر سندھ کی جانب سےیہ اقدام اٹھایا گیا ہے۔

شہریوں کے لیے گورنر ہائوس کھولنے جانے کے بعد صفائی ستھرائی کےحوالے سے انتظامیہ کا کہنا تھا کہ یہاں صفائی کا خاص خیال رکھا جائے گا، یہ قومی اثاثہ ہے اس کی دیکھ بھال ہم سب کی ذمہ داری ہے۔ اس کے علاوہ انہوں نے کہا کہ یہاں کچرا پھنکنے کے لیےمخصوص کچرا دان بھی لگائے گئے ہیں۔ اس کے علاوہ گورنر ہائوس کے پارک میں ایک مسجد بھی موجود ہے۔

شہریوں کے لیے گورنر ہائوس کھولے جانے کے پہلے ہی روز وہاں کراچی کی ایک نجی یونیورسٹی کا شجرکاری مہم کا ایک گروپ بھی آیا ہوا تھا۔

واضح رہے گورنرسندھ عمران اسماعیل کی ہدایت پر گورنر ہاؤس سندھ کاپارک عوام کے لیے آج( 7 ستمبر 2018) کی صبح سے کھول دیا گیا ہےجبکہ شہری گیٹ نمبر1 سےاپنی شناخت کرانے کے بعد گورنر ہاؤس میں داخل ہورہے ہیں۔

گورنرہاؤس میں داخلےکی ہدایات بھی جاری کردی گئیں ہیں جس کے مطابق گورنرہاؤس میں داخلے کا وقت پیر سے ہفتہ صبح 6بجے سے صبح 10بجے تک ہوگا جبکہ اتوار کے روز شام ساڑھے 4 سےساڑھے 6 بجے تک ہوگا۔

تازہ ترین