اسلام آباد (نمائندہ جنگ)احتساب عدالت کے جج محمد ارشد ملک نے سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی سمیت 7 ملزمان کو اشتہارات کا غیرقانونی ٹھیکہ دینے سے متعلق نیب ریفرنس میں 26 ستمبر کو طلب کرلیا ہے۔ واضح رہے کہ نیب کی جانب سے جمعرات کو سابق وزیر اعظم گیلانی سمیت 7 ملزمان کے خلاف ریفرنس دائر کیا گیا تھا، ان پر اشتہارات کا 12 کروڑ روپے کا غیر قا نو نی ٹھیکہ دینے کا الزام ہے۔ یوسف رضا گیلانی سمیت تمام ملزمان کی پیشی پر باقاعدہ ٹرائل کا آغاز ہوگا، ریفرنس پر سماعت احتساب عدالت نمبر 2 کے جج محمد ارشد ملک کرینگے۔