پاکستان کے نومنتخب صدر ڈاکٹر عارف علوی آج حلف اُٹھائیں گے، چیف جسٹس پاکستان جسٹس میاں ثاقب نثار نئے صدر سے حلف لیں گے۔
4 ستمبر کو353 الیکٹورل ووٹ لے کر پاکستان کے 13 ویں صدر منتخب ہونے والے ڈاکٹر عارف علوی اتوار کو ایوان صدر میں دو پہر ایک بجے منعقدہ تقریب میں اپنے عہدے کا حلف اٹھا ئیں گے۔
چیف جسٹس پاکستان جسٹس میاں ثاقب نثار ان سے حلف لیں گے، نو منتخب صدر ڈاکٹر عارف علوی حلف اٹھانے کے بعد جب حلف نامے پہ دستخط کریں گے تو اس کے ساتھ ہی ممنون حسین کی 5 سالہ مدت صدارت ختم ہو جائے گی۔
صدر ممنون حسین کو ہفتے کی شام ایوان صدر میں مسلح افواج کے چاق و چوبند دستے نے الوداعی گارڈ آف آنر بھی پیش کیا جبکہ صدر ممنون حسین نے ایوان صدر کے حکام اور عملے سے الوداعی ملاقات بھی کی جس کے بعد وہ ایوان صدر سے رخصت ہوگئے۔
تقریب حلف برداری میں موجودہ صدر مملکت ممنون حسین ، وزیر اعظم،وفاقی کابینہ کے ارکان، ارکان پارلیمنٹ ، اعلیٰ عدلیہ کے ججز ، مسلح افواج کے سربراہان، مختلف ممالک کے سفیروں اور مختلف شعبوں کی ممتاز شخصیات کو مدعو کیا گیا ہے۔
نو منتخب صدر ڈاکٹر عارف علوی نے زمانہ طالب علمی سے سیاست میں حصہ لینا شروع کیا، وہ 1996 میں پاکستان تحریک انصاف کی بنیاد رکھنے والوں میں شامل تھے ۔
پیشے کے اعتبار سے ڈینٹسٹ ڈاکٹر عارف علوی پہلی بار 2013 میں کراچی سے منتخب ہو کر قومی اسمبلی پہنچے جبکہ 25 جولائی کے حالیہ انتخابات میں وہ دوسری بار قومی اسمبلی کے رکن منتخب ہوئے تھے۔
ان کی پارٹی سے دیرینہ وابستگی کی بنیاد پر چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے انہیں صدر مملکت کے لئے نامز دکیا۔