• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

چیف جسٹس اور وزیراعظم مل کر بوجھ اٹھارہے ہیں، حسن نثار

کراچی(ٹی وی رپورٹ)سینئر تجزیہ کار حسن نثار نے کہا ہےکہ چیف جسٹس اور اب وزیراعظم مل کر بوجھ اٹھارہے ہیں، مولانا فضل الرحمن یکساں نصاب تعلیم کے فیصلے میں رکاوٹ نہ بنیں اور ہمارے بچوں کو مغربی دنیا سے مقابلے کیلئے تیار ہونے دیں، شریف برادران کے سیاسی شجرئہ نسب میں ہر جگہ آگ ہے، پہلے نندی پور، میٹرو، ایل ڈی اے اور رمضان شوگرملز اور اب صاف پانی کمپنی کا ریکارڈ بھی جلنے کی خبر ہے، نواز شریف ماضی میں قرض اتارو ملک سنوارو کے ڈرامہ کرتا رہا ہے لیکن اس وقت خزانچی چور تھا اب جو ملک کا خزانچی ہے وہ ایماندار ہے اس پر اعتبار کیا جاسکتا ہے۔وہ جیو نیوز کے پروگرام ”میرے مطابق“ میں میزبان شجعیہ نیازی سے گفتگو کر رہے تھے۔ مولانا فضل الرحمن کی طرف سے حکومت کے یکساں نصاب کے فیصلے پر تنقید پر حسن نثار نے کہا کہ مولانا مسلمانوں کو جینے دیں اور ہمارے بچوں کو مغربی دنیا سے مقابلہ کیلئے تیار ہونے دیں، میں حقیقی علماء کی نہیں خاص پیشہ ور ملائیت کی بات کررہا ہوں، مسلمانوں کا بیڑہ غرق اس وقت شروع ہوا جب ترکی میں شیخ الاسلام نے پرنٹنگ پریس کی مخالفت کی جس سے ہم صدیوں پیچھے چلے گئے، مولانا بیمار ہوتے ہیں تو اسپتال پہنچ جاتے ہیں وہاں مشینوں سے لے کر دوائیاں تک سب مغرب کی بنائی استعمال کرتے ہیں ان مشینوں سے علاج کروانے سے بہتر ہے کہ مر جائیں، یہی نہیں آج یہ جن سہولتوں سے استفادہ کررہے ہیں وہ مغرب کی ہی دی ہوئی ہیں ان سے فائدہ اٹھاتے ہیں اور گالی بھی مغرب کو ہی دیتے ہیں، مسلمانوں کی دنیا میں دوسری بڑی آبادی ہے مگر ایجاد ایک بھی نہیں ہے، ہم مدرسوں میں اپنے لاکھوں بچوں کے ساتھ کیا کرتے ہیں، ان مدرسوں کے بچوں میں سے کبھی کوئی جج، جرنیل، سائنسدان ، ڈاکٹر یا انجینئر کیوں نہیں بنا، اس نے بنی نوع انسان کی بہتری کیلئے کچھ کیوں نہیں کیا، اللہ کا واسطہ نصاب تبدیل کرنے دیں، اللہ تعالیٰ کا فرمان ہے کہ مومن اپنے عصر کے ساتھ ہم آہنگ ہوتا ہے یعنی جس عہدمیں زندہ ہوتا ہے اس عہدے کے تقاضوں سے واقف ہوتا ہے۔شہباز شریف کے داماد کے پلازہ میں آگ لگنے سے صاف پانی کمپنی کا ریکارڈ جلنے کی خبر سے متعلق حسن نثار کا کہنا تھا کہ نواز شریف اور شہباز شریف چالاک لوگ ہیں، شریف خاندان جب ان پڑھ تھا تو بینظیر کا مذاق میڈ ان یورپ کہہ کر اڑایا کرتے تھے اور خود کو میڈ ان پاکستان کہتے تھے، پھر ان کے پاس کچھ پیسے اور عقل آئی تو نواسہ بیرون ملک پڑھنے بھیج دیا، ان کے سیاسی شجرئہ نسب میں ہر چوک میں آگ ہے، اس سے پہلے نندی پورپراجیکٹ اور میٹرو کا ریکارڈ جلا تھا، ایل ڈی اے پلازہ میں آگ لگی تھی، رمضان شوگرملز کا ریکارڈ بھی جل گیا۔وزیراعظم عمران خان کی طرف سے ڈیم بنانے کیلئے چندہ کی اپیل پر حسن نثار نے کہا کہ چیف جسٹس اور اب وزیراعظم مل کر بوجھ اٹھارہے ہیں، اس وقت مادرِ وطن پیاس سے سسک رہی ہے، پاکستانیوں میں ایک خاص طرح کی غیرت ہے جب ہمارا دماغ گھوم جائے تو اندر مرا پڑا مسلمان بھی باہر نکل آتا ہے، نواز شریف ماضی میں قرض اتارو ملک سنوارو کے ڈرامہ کرتا رہا ہے لیکن اس وقت خزانچی چور تھا اب جو ملک کا خزانچی ہے وہ ایماندار ہے اس پر اعتبار کیا جاسکتا ہے۔
تازہ ترین