• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
,

اب تو مشکل ہوگیا جینا! امن و امان کی ابتر صورت حال

فاروق حیدر بھنبھرو، ہنگورجہ

نئی حکومت آنے کے بعد بھی ضلع خیرپور کے تاریخی شہر ہنگورجہ اور گردونواح میں امن و امان کی صورت حال انتہائی ابتر ہے۔بدامنی کی وجہ سے عوام میں خوف و ہراس کا شکار ہیں۔ حکومت بدل گئی اور سیاسی نعروں کے مطابق ’’تبدیلی‘‘ آچکی ہے مگر امن و امان کی صورت حال اب تک نہیںبہتر نہیں ہو سکی بلکہ دیکھا گیا کہ جیسے جیسے اقتدار کی منتقلی کا عمل شروع ہوا اور نئی حکومت نے مرحلہ واراقتدار سنبھالنا شروع کیا تو ہنگورجہ اور اس کے قریبی شہر سگیوں کے علاقے میں بدامنی کی لہر تیز ہوگئی۔ لوٹ مار، چوری اور رہزنی کی وارداتوں میں اضافہ ہوا جس کے بعد شہری اور دیہی علاقوں کے باشندے عدم تحفظ کا شکار ہیں۔. جنگ کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق ہنگورجہ شہر کے گنجان آبادی کے محلے، گل شاہ غازی سے نامعلوم چوروں نے ریٹائرڈ فوجی بشیر سہتو کے گھر میں گھس کرنقد رقم، طلائی زیورات اور موبائل فونز چوری کرلیے۔ایک اور واردات کے دوران نامعلوم چوروں نے خادم حسين کے گھر کی چھت پر نقب زنی کرکے قیمتی زیورات، نقد رقم اور قیمتی سامان لوٹ کر لے گئے۔ہنگورجہ بس اسٹاپ ،نیشنل ہائی وے کے شنبانی ہوٹل سے نامعلوم چوروزیر ڈاہری کی موٹر سائیکل چوری کر کے فرار ہو گئے۔ ایک اور واردات میں نامعلوم ڈاکوؤں نے سیٹھارجہ ہالا لنک روڈ پر رکاٹیں کھڑی کرکے، آنے جانے والے افراد سے لوٹ مار کے دوران امداد راجپر پر تشدد کر کے نقد رقم موٹر سائیکل اور دو موبائل فونز چھین کر فرار ہوگئے ہنگورجہ نیشنل ہائی وے کے علاقے سے نامعلومافراد نے مارواڑی برادری کے ٹیکسی ڈرائیور نوجوان پجارو کو روکا اور سواری کے بہانے رسول آباد کے علاقے میں چھوڑ آنے کو کہا ۔جب ٹیکسی رسول آباد کے قریب پہنچی تو مذکورہ افراد نے پجارو کو ٹیکسی سے دھکا دے کر نیچے پھینک دیا اور ٹیکسی لے کر فرار ہوگئے۔

سگیوں کے قریب گاؤں بخشن بھنبھرو میں نامعلوم چوروں نے سیپکو ملازم پرويز بھنبھرو کے گھر کے اندر کھڑی ہوئی موٹر سائیکل چوری کرلی ۔ اسی علاقے میں علن بھنبھرو کی سولر ٹیوب ویل کی ایک لاکھ روپے مالیت والی دو بیٹریاں اور دیگر سامان چوری کرلیاگیا۔ سگیوں پولیس نے واقعے کے بعد علاقے میں سرچ آپریشن کرکے مشتبہ افراد کو گرفتارکرلیا۔ ہنگورجہ سمیت ضلع خیرپور میں ببڑھتی ہوئی بدامنی اور لوٹ مار کے واقعات کاسابق آئی جی سندھ جناب امجد سلیمی نے نوٹس لیتے ہوئے ایس ایس پی خیرپور فدا حسين مستوئی کا تبادلہ کرکے عمر طفیل کوان کی جگہ ایس ایس پی مقرر کر دیا اور دریا خان جتوئی کو ہنگورجہ کا نیا ایس ا َیچ او مقرر کیاگیا ہے۔ ایس ایچ او دریا خان جتوئی نے چارج سنبھالنے کے بعد جرائم پیشہ افراد کے خلاف کارروائی تیز کردی ۔ ایک خفیہ اطلاع پر قومی شاہراہ لعل بخش سولنگی اسٹاپ پر ڈاکوؤں کے ایک گروہ سے فائرنگ کے تبادلے کے نتیجے میں ایک ڈاکو نظیر احمد کاندھڑو شدید زخمی ہوگیا جس کے قبضے سے ایک رپیٹر اور کارتوس کےکئی رائونڈبرآمد ہوئے جب کہ اس کے ساتھی فرار ہوگئے۔ پولیس کے مطابق زخمی ڈاکوکے خلاف خیرپور ضلع کے مختلف تھانوں میں دس سے زائد مقدمات درج ہیں ایس ایچ او ہنگورجہ دریا خان جتوئی نے جنگ کو بتایا پولیس مقابلے میں فرار ہونے والے ڈاکوؤں کو گرفتار کرنے کے لیے پولیس کی اسپیشل ٹیم تشکیل دی گئی ہے۔

تازہ ترین
تازہ ترین