• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

لفظ ’کامیابی‘ ایک خوبصورت قول کی یاد دلاتا ہے جس میں کہا گیا تھا کہ، ’’ایک کامیاب انسان خود پرپھینکے جا نے والے سنگ و خشت (اینٹ وپتھر)سے ایک مضبوط قلعہ تعمیر کر لیتا ہے اور اپنی کا میابی کا جشن مناتا ہےجبکہ ایک کم ہمت بزدل شخص اس پر پھینکے جا نے والے سنگ و خشت سے بو کھلا جا تا ہے‘‘۔ اس بات کی اہمیت جس نے جان لی وہ کامیابی کی بلندیوں کو چھوگیا اور جو ڈر گیا سمجھ لیں کہ وہ ہار گیا۔ 

کامیابی کوئی بازار میں ملنے والی شے نہیں جسے مہنگے داموں خرید لیاجائے بلکہ یہ ایک جدوجہد کا نام ہے۔ جس کے حصول کے لیے چاہے کوئی امیر کوشش کرے یا غریب، یہ اسی کو ملے گی جس کی جدوجہد کڑی ہوگی۔ دانا کہتے ہیں کہ کامیابی میں انسان کی عادتوں کا بڑا دخل ہے، کامیاب لوگوں کی کئی عادتیں مشترک ہوتی ہیں، تو ناکام لوگوں کی کئی عادتیں ایک جیسی ہوتی ہیں۔ اگر آپ بھی زندگی میں کامیابی حاصل کرنا چاہتے ہیں تو جدوجہد کے ساتھ ساتھ کامیا ب لوگوں کی صبح اور رات کی عادتوں سے متعلق آگہی آپ کے لیے ضروری ہے، وہ عادتیں کون سی ہیں آئیے جانتے ہیں۔

صبح کی عادات

جلدی اٹھنا: کامیابی آپ کی صبح کے معمول پر انحصار کرتی ہے۔ کامیاب لوگ صبح سویرے جلدی اٹھنے کے عادی ہوتے ہیں۔نپولین اپنی کتاب’’تھنک اینڈ گرو رچ‘‘میں کامیاب انسان کی مختلف عادات میں سے ایک عادت جلدی صبح کا آغاز بتاتے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ اگر آپ نے صبح اٹھ کر کہیں جانا ہے تو مطلوبہ وقت سے تین گھنٹے پہلے بیدار ہوں۔ صبح جلدی آغاز کرنا آپ کو دن بھر کے کاموں کو نمٹانے کے لیےزائد وقت اور رویوں میں بہتری کے لیےموقع فراہم کرتا ہے۔

مثبت سوچ: کامیاب زندگی کے لیے مثبت سوچ کا کردار نہایت اہم ہے اور کامیابی سوچ پر منحصر قرار دی گئی ہے۔ کامیاب افراد دن کا آغاز مثبت سوچ سےکرتے ہیں اور یہی مثبت سوچ رات کے پہر ان کے ساتھ ہوتی ہے۔ زندگی میں کامیابی کا 80فیصد انحصار ہمارے رویے اور مثبت سوچ پرہے۔ مثبت سوچ سے مثبت رویہ پیدا ہوتا ہے، اگر ہمیں اپنی کامیابی میں مہارت اور معلومات ہیں مگر رویہ ٹھیک نہیں ہے تو کامیابی کا حصول مشکل ہوگا لیکن ہم اپنی سوچ ،جذبات واحساسات اور رویے کو مثبت بنالیں تو زندگی میں معجزے رونما ہو سکتے ہیں۔

ورزش: جس طرح انسان کے لیے صبح کا ناشتہ ضروری ہے، اسی طرح ورزش بھی بے حد ضروری ہے۔ صبح کی گئی ورزش انسان کے جسم کے بند اعضاء کو کھول دیتی ہے اور وہ بہترین طور پر اپنے افعال انجام دیتے ہیں۔ ورزش نیند بھگانے اور فوری توانائی کے حصول کا اہم ذریعہ ہے۔

ناشتہ: جو لوگ صبح گھر سے بغیر ناشتہ کیےنکل جاتے ہیں، کامیابی کے حصول کے لیے اس عادت کو تبدیل کرلیں کیونکہ کامیاب لوگ بھرپور ناشتہ کرتے ہیں۔ یہ نہ صرف آپ کی توانائی میں اضافہ کرتا ہے بلکہ آپ کو دن بھر صحیح طریقے سے کام کرنے اور موٹاپے سے محفوظ رکھنے میں مدد دیتا ہے۔

رات کی عادات

سونے سے پہلے مطالعہ: مطالعہ انسان کی سوچ کو وسیع اور معلومات میں اضافہ کرتا ہے۔ دنیا میں ملین اور بلین ڈالر اثاثہ رکھنے والے افراد مثلاًاوپراونفری، بل گیٹس اور مارک زکر برگ سونے سے پہلے30منٹ لازمی مطالعہ کرتے ہیں۔ مطالعہ انسان کی تخلیقی صلاحیتوں میں اضافہ کرتا ہے۔

دن کاموازنہ اور اگلے دن کی منصوبہ بندی: رات کو جب بھی سونے کی تیاری کریں تو سب پہلے یہ سوچیں کہ آج کون سے اہم کام سرانجام دیے اور ان کاموں میں کون سی وہ خامیاں تھیں جو نہیں ہونی چاہیے تھیں تاکہ مستقبل میں ان غلطیوں سے محفوظ رہ سکیں۔ دوسری جانب کامیاب افراد ایک دن قبل ہی دوسرے دن کے کاموں کی فہرست بنا ڈالتے ہیں، یہ فہرست ان کے اعصاب کو پر سکون بناتی اورکئی قسم کی پریشانیوں سے ان کے ذہن کو آزاد کرتی ہے۔ اس منصوبہ بندی کا فائدہ یہ ہوتا ہے کہ اگلے دن جب وہ بیدار ہوتے ہیں تو ان کی سوچ باقی لوگوں سے زیادہ بہتر ہوتی ہے، جس کی وجہ سے انہیں کامیابی ملنے کے امکانات روشن ہوتے ہیں۔

موبائل سے دوری: کامیاب افراد سونے سے قبل موبائل استعمال نہیں کرتے، اسی طرح مطالعہ کے لیے آن لائن مطالعہ کے بجائے کتاب کا مطالعہ ضروری سمجھتے ہیں۔ سونے سے قبل موبائل استعمال کرنے کی عادت نہ صرف آپ کی کامیابی میں آڑے آتی ہے بلکہ اچھی صحت میں بھی رکاوٹ بنتی ہے۔ سونے سے پہلے اسمارٹ فون کا استعمال عارضی طور پر بینائی سے محرومی کا باعث بھی بن سکتا ہے ۔

بھرپور نیند: کم نیند کی وجہ سے انسان کی ظاہری حالت خراب ہوجاتی ہے۔ اس لیے مکمل نیند لیں تا کہ آپ بالکل تروتازہ اور چاق وچوبند نظر آئیں، جن افراد کی نیند پوری نہیں ہوتی یا وہ نیند کی کمی کا شکار ہوں تو وہ اپنے کاموں کو صحیح طریقے سے انجام نہیں دے پاتے۔

تازہ ترین