دیار غیر میں مقیم پاکستانی ،وطن کی ثقافت اور ورثے کی ترویج کے لیےہمہ وقت کوشاں رہتے ہیں اور اس حوالے سے منعقدہ تقاریب میں نہ صرف پردیس میں مقیم اپنے ہم وطنوں بلکہ دیگر اقوام کے باشندوں کو بھی شریک کرتے ہیں ،جس کا مقصد یگانگت اور ہم آہنگی کو فروغ دینا ہے۔ایسی ہی ایک کاوش ہم وطنوں کی جانب سے گزشتہ دنوں نیویارک میں بھی کی گئی، جسے مقامی کمیونٹی نے بھی بے حد سراہا۔ نیویارک کی تاریخ میں پہلی مرتبہ ویسٹ چیسٹر کے علاقے میں بسنت فیسٹیول منعقد کیا گیا، جس کا انعقادایک غیر منفعت بخش ادارے، دی سٹیزن فائونڈیشن ،نیویارک چیپٹر نے کیا تھا۔
فیسٹیول ایک بہت خوبصورت اور پرفضا مقام گلین آئی لینڈ پارک میں منعقد کیا گیا جو کہ ساحل سمندر پر واقع ہے ۔دی سٹیزن فائونڈیشن کی امریکا میں 35سے زیادہ شاخیں ہیں،جبکہ اس کا ہوم بیس پاکستان میں ہے،یہ فلاحی تنظیم پاکستان میں غریب بچوں کی مفت تعلیم کے لیے کوشاں ہے،تنظیم کا ثقافتی سرگرمیاں منعقد کرانے کا مقصد فنڈ ریزنگ کر کے اس سے حاصل ہونے والی رقم سے پاکستان میں تعلیم کو فروغ دینا ہے۔نیویارک میں ہونے والے بسنت فیسٹول میں پاکستانی ثقافت اور تہذیب کو نمایاں کیا گیا، جبکہ خوبصورت اور دیدہ زیب چیزوں سے میلے کی سجاوٹ کا اہتمام بھی کیا گیا تھا۔
اس موقعے پر فیسٹیول میں شریک تمام لوگوں میں پتنگیں تقسیم کی گئیں، تاکہ شرکاء انجوائے کرسکیں۔خواتین اور بچوں کے لیے مہندی کے اسٹال بھی لگائے گئے تھے۔مزید برآں ثقافتی موسیقی کا بھی اہتمام کیا گیا تھا۔اس کے علاوہ باربی کیو کا بھی خصوصی انتظام تھا جس سے لوگ بہت لطف اندوز ہوئے۔
اس بارونق پروگرام کی چیف آرگنائز ر میں ڈاکٹر اسما نعیم، ڈکٹر منزہ افضل، سائرہ حیدر، سعدیہ صبور ، ثنیا صمداور اسماء خان شامل تھیں، جنھوں نے نہایت خوش اسلوبی سے اس کامیاب ایونٹ کو ترتیب دے کرملکی ثقافت کو بھرپور انداز میں اجاگر کیا۔اس ،موقعے پر پی ٹی آئی نیویارک کے صدر شاہد سندھو، پارٹی ایگزیکیٹو قیصر چوہدری، ڈاکٹر محمد نعیم سمیت دیگر مقامی عہدیدار موجود تھے جنھوں نے فیملیز کے ساتھ فیسٹیول میںبھرپور حصہ لیا اور پتنگیں بھی اڑائیں۔اس موقعے پر مقامی کمیونٹی کی بڑی تعداد موجود تھی۔
شبانہ قیصر…(نیویارک)