متحدہ عرب امارات میں مقیم 14 لاکھ پاکستانیوں کے لیے دبئی کے وسط میں قائم پاکستان ایسوسی ایشن ،منی پاکستان کی حیثیت رکھتا ہے۔ ایسوسی ایشن (پیڈ) کے عہدے داران اور ممبران ہر وقت اس جستجو میں رہتے ہیں کہ کمیونٹی کی خدمت کس طرح کی جائے، تاکہ پورا سال پروگراموں کے ذریعے کمیونٹی بھرپور استفادہ کرتی رہے۔ پہلے جدید سہولتوں سے مزین پاکستان آڈیٹوریم کی تکمیل، اسپورٹس گرائونڈز اور لائبریری کا قیام کیا گیا تھا، اب پیڈ کے صدر ڈاکٹر فیصل اکرم اور انتظامیہ کمیونٹی کے لیے دبئی میں جدید سہولتوں سے مزین پاکستان میڈیکل سینٹر تعمیر کرنے جارہی ہے۔جہاں نہ صرف پاکستانیوں بلکہ دیگر کمیونٹی کوبھی بغیر کسی منافع کے ہیلتھ کی پوری سہولتیں ایک ہی چھت تلے میسر ہوں گی۔
پیڈ کے صدر پیشہ کے اعتبار سے ڈاکٹر ہیں، ان کا خواب تھا کہ یو اےای میں رہنے والے محنت کشوں کو بھی میڈیکل کی وہ تمام جدید سہولتیں ملیںجو امراء کو حاصل ہیں اور یہ سہولتیں بہت ہی کم فیس پر ملیں۔ یوم آزادی پاکستان کے حوالہ سے جہاں دبئی ایسوسی ایشن نے متعدد پروگراموں کا اہتمام کیا وہاں اس دن کی مناسبت سے پروقار اور بامقصد تقریب کا اہتمام پاکستان آڈیٹوریم دبئی میں کیا گیا۔ پیڈ میں ہونے والی تقریب دبئی ایسوسی ایشن اور سفارت خانہ پاکستان کے اشتراک سے ہوئی جس میں امارات سےتقریباً 500 افراد کو خصوصی دعوت نامے دیئے گئے۔ مہمان خصوصی امارات کے شیخ نہیان بن مبارک النہیان تھے جبکہ سفیر پاکستان معظم احمد خان قونصل جنرل سید جاویدحسن، کمیونٹی ڈیولپمنٹ اتھارٹی کے آفیسرز، سفارت کاروں اور ممتاز تاجروں اور کمیونٹی کی شخصیات نے بھرپور شرکت کی۔یہ ’’ٹو ان ون‘‘ تقریب تھی۔ ایک مقصد جشن آزادی منانا اور دوسرا ’’جونیئر برکس‘‘ کو لائونج کرنا اور پاکستان کے لیے گرانقدر خدمات سرانجام دینے والوںکو ایوارڈ دینا تھا۔آغاز تلاوت قرآن کے بعد دونوں ممالک یو اے ای اور پاکستان کے قومی ترانوںسے ہوا۔
مہمان خصوصی کی آمد پر ریڈکارپٹ پر استقبال کیا گیا۔ صدر مرکز پاکستان ڈاکٹر فیصل اکرم، سہیل چوہدری اور دیگر عہدیداروںنے گلدستے پیش کرکے خوش آمدید کہا۔ اس موقع پر سفیر پاکستان معظم احمد خان اور قونصل جنرل سید جاویدحسن بھی ساتھ تھے۔ ڈاکٹر فیصل اکرم نے شرکاء کو یوم آزادی پاکستان کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ پیڈ کا قیام 1969 میں ہوا۔ ایک کمرے سے آغاز کرنے والے پیڈ کا شمار اب پوری دنیا میں قائم کمیونٹی سینٹر میں جدید ترین مراکز میں ہوتا ہے۔ میرے ساتھیوں نے ایک خواب دیکھا کہ یہاں ہمارے پاس ایک ایسا میڈیکل سینٹر ہو جہاں ہم بہترین علاج کراسکیں۔ ویسے پاکستانی ڈاکٹروں کی ٹیم گذشتہ کئی سالوں سے پیڈ میں مریضوں کا علاج بالکل مفت کررہی ہے۔ پیڈمیڈیکل ونگ کی خدمات کا ہر کوئی معترف ہے۔ پیڈمیڈیکل ونگ نے مقامی اتھارٹی کو درخواست دی کہ ہمیں کمیونٹی سینٹر کے اندر جدید میڈیکل سینٹر بنانے کی اجازت دی جائے۔ مقامی حکام نے میڈیکل ونگ کی درخواست کو منظور کرتے ہوئے کسی بھی کمیونٹی سینٹر کو پہلی مرتبہ کمیونٹی سینٹر لائسنس کے ساتھ میڈیکل سینٹر بنانے کی اجازت دی جس کیلئے پیڈ انتظامیہ اور کمیونٹی حکومت دبئی کے شکر گزار ہیں۔ اب ہم نے آج ’’جونیئر برکس‘‘ کو لانچ کیا ہے، اس کا مقصد اپنے بچوں کو بھی تحریک دیں کہ وہ کارخیر میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں اور صرف 100 درہم میں ایک اینٹ خرید کر مہم کا حصہ بنیں۔ اس مہم سے جو رقم حاصل ہوگی اس سے بچوں کا اسپتال بنایا جائے گا۔ بچےاپنی استطاعت کے مطابق اینٹیں خریدسکتے ہیں۔
سفیر پاکستان معظم احمد خان نے پاکستان ایسوسی ایشن دبئی کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ مجھے یہاں آکر خوشی ہورہی ہےکہ انتظامیہ بےلوث خدمات سرانجام دے رہی ہے، بطور پاکستانی ہمیں فخرہے کہ پاکستانیوں نے جو کارہائے نمایاں سرانجام دیئے ہیں اسے ہر ملک کے باشندے قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔شیخ نہیان بن مباک النہیان نے یو اے ای اور پاکستان کے تعلقات کو مزید گہرا اور مضبوط کرنے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ پاکستانیوں کی صلاحیتوں اور کارناموںسے پوری دنیا متاثر ہے۔ میں امارات کے باشندوں اور پاکستانیوںکا تہہ دل سے شکریہ ادا کرتا ہوںکہ میڈیکل سینٹر کی تعمیر میں ساتھ دیا۔ یہ سینٹر صرف پاکستانی کمیونٹی کیلئے نہیں بلکہ ہر قومیت کے باشندے اس کی سہولتوںسے فائدہ اٹھاسکیں گے۔
مہمان خصوصی شیخ نہیان بن مبارک النہیان نے پاکستان کو اپنا دوسرا گھر قرار دیتے ہوئے کہا کہ دونوںممالک کے درمیان دوستی ہمیشہ قائم و دائم رہے گی۔ وزیر روادری نے جونیئر برکس ایڈیشن کو لائونج کیا اور کہا کہ آج میں بانی پاکستان قائداعظم محمدعلی جناحؒ کو خراج عقیدت کے ساتھ ساتھ نئی قیادت عمران خان کو بھی مستقبل کیلئےدعا کی اور امید ہے کہ اب نئی حکومت قانون کی عملداری کو ہر طریقے سے ممکن بنائے گی اور پاکستان میں سیاسی اورمعاشی استحکام آئے گا۔شیخ نہیان بن مبارک النہیان نے یوم آزادی پاکستان کا کیک بھی کاٹا۔اس موقع پر انہوں نے پاکستان اور پاکستانیوں کیلئے گرانقدر خدمات سرانجام دینے والی شخصیات میں پاکستان ایوارڈ بھی پیش کئے۔ ایوارڈ حاصل کرنے والوں میں شہاب حیدر، عبدالحمید احمد، احمد درویش المحری،خلفان خلیفہ المزروعی، کرنل خالد السویدی، ڈاکٹر نگہت آفتاب،عمار اشفاق احمد، سہیل عبداللطیف گلداری اور دیگر شخصیات شامل تھیں۔ صدر مرکز ڈاکٹر فیصل اکرم نے کمیونٹی اور شرکاء تقریب کا شکریہ بھی ادا کیا۔ مہمان خصوصی نے آرٹ گیلری کا بھی وزٹ کیا جہاں یو اے ای، پاکستان دوستی پر محیط تصویری نمائش کی گئی تھی۔