• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

زوناش ظفر

 کھیرا ایک مفید سبزی ہے،جس کی دنیا بَھر میں کم از کم ایک سو اقسام فروخت ہوتی ہیں، مگر ہمارے مُلک میں اس کی دو اقسام، دیسی اور ولایتی عام ہیں۔جاپان میں کی گئی ایک تحقیق کے مطابق کھیرے میں ایسے وٹامنز پائے جاتے ہیں، جو معدے کی جلن، تیزابیت اور السر سے محفوظ رکھتے ہیں اور دماغی کارکردگی میں توازن پیدا کرتے ہیں۔کھیرے کا باقاعدہ استعمال ذہنی تنائو کی وجہ سے جسم پر منفی اثرات مرتّب نہیں ہونے دیتا۔نیز، اس میں کاربوہائیڈریٹس، پوٹاشیم،آئرن اور کیلیشم بھی ایک خاص تناسب میں پائے جاتے ہیں،جب کہ95فی صد پانی ہوتا ہے، جو جسم کو ہائیڈریٹ رکھتا ہے۔کھیرا گرم مزاج کے حامل افراد اور گرمی سے پیدا ہونے والے امراض کے لیے بے حد مفید ہے۔معدے کا ورم کم کرنے میں اکسیر، تو یرقان کے مریضوں کے لیے بہترین ٹانک ہے۔اگرصُبح نہار مُنہ ایک گلاس کھیرے کا جوس پی لیا جائے، تونہ صرف جسم کو توانائی اور قوت فراہم ہوتی ہیں، بلکہ موٹاپا کنٹرول کرنے میں بھی بےحد فائدہ مند ثابت ہوتا ہے۔یورک ایسڈ کے مریضوں کے لیے اچھی غذا ہے ۔وہ افراد جو بےخوابی کا شکار ہیں ،وہ کھیرے کا استعمال کریں، تو نیند بھرپور آتی ہے۔اسی طرح کھیرے کا جھاگ مُنہ کے چھالوں پر لگایا جائے،تو وہ جلد ٹھیک ہوجاتے ہیں،آنکھوں کی جلن کے لیے کھیرے کے قتلے کاٹ کر پپوٹوں پر رکھیں، تو فوری افاقہ ہوتا ہے۔ نیز، آنکھوں کی سوجن اوراس کے گرد موجود سیاہ حلقے بھی ختم ہوجاتے ہیں۔

اسمارٹ نظر آنا ہر عورت کا خواب ہوتا ہے اور کھیرے کی خاصّیت ہے کہ اگر اس کا باقاعدہ استعمال کیا جائے،تو یہ وزن ہی کم نہیں کرتا ہے، کم زور جسم کو توانائی بھی فراہم کرتا ہے۔ اطباء وزن میں کمی کے لیےکھیرے کا ایک نسخہ تجویز کرتے ہیں۔ بلینڈر میں دو گلاس پانی میں ایک عدد لیموں نچوڑ لیں اور اس میں حسبِ ضرورت ادرک، دھنیے کے چند پتے اور ایک عدد کھیرا (چھیل کر کاٹ لیں)ڈال کر بلینڈ کرلیں۔وزن میں کمی ہونے تک ہفتےمیں ایک بار پئیں، جب کہ کھیرے کا سلاد بھی مفید ہے۔اس کے لیے ایک باؤل میں کھیرا، ناشپاتی، چیری یا ٹماٹر ایک عدد، پیازچوتھائی حصّہ، تھوڑا سا ہرا دھنیا کاٹ کر مکس کرلیں۔ پھر نمک ، کالی مرچیں حسبِ ذائقہ اور زیتون کا تیل دوکھانے کے چمچ ڈال کر اچھی طرح مکس کرکے کھالیں، جب کہ کم زور افراد کھیرے کے ساتھ کھجورکا استعمال کریں، تو بہت جلد افاقہ ہوتا ہے۔

تازہ ترین
تازہ ترین