• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بستر پر ستر دن لیٹنے کا معاوضہ۔۔۔ تقریباً بیس لاکھ روپے

کراچی (رفیق مانگٹ)اگر آپ محسوس کرتے ہیں کہ آپ بھرپورنیند حاصل نہیںکر پارہے توآپ کا یہ خواب شرمندہ تعبیر ہوسکتا ہے، ناسا نے سائنسی تجربے کی خاطر ایسے افراد کو1945465 روپے (15700 ڈالر) کی ادائیگی کی پیش کش کی ہے جو ستر دن تک بستر پر آرام کرے گا۔ رپورٹ کے مطابق امریکی خلائی ایجنسی ’ناسا ‘ کے سائنس دانوں نے خلائی مشن میں ’’بیڈ ریسٹ‘‘ مطالعے کے نتائج کواستعمال کرنے کا فیصلہ کیا ہے، ان کا کہنا ہے کہ بستر پر طویل عرصے تک قیام سے حاصل ہونے والے نتائج مشن میںخلابازوں کی مدد کریں گے،بیڈ ریسٹ تحقیق سے یہ سامنے آیا کہ انسانی جسم کسی بھی نئے ماحول کو اپنا لیتا ہے اورجوابی تدابیر کی تیاری میں بے وزن ہوجاتا ہے۔ ناسا نے ایسے رضاکاروں کی بھرتی کا عمل شروع کردیا ہے جو ستر دن تک بستر پر آرام کرنے پر راضی ہیں ، نیند یابستر پر آرام کے دوران شرکا کے جسم پر ہونے والی کیفیات کا جائزہ لیا جائے گا اور ان کی مسلسل مانیٹرنگ کی جائے گی۔ اس کے علاوہ، شرکاء کو اسی حالت میں یعنی بستر پر لیٹے ہی کھانا، ورزش کرنا، لباس پہننااور حتیٰ کہ غسل کرنا ہوگا،اس دوران سائنسدان ان کا بلڈ پریشر، دل دھڑکنے کی شرح، غذا کے جذب ہونے، توانائی کے اخراج، ہڈیوں کی نشوونما اور مزاج کی تبدیلی کے عمل کو نوٹ کریں گے تاکہ یہ سمجھا جائے کہ کشش ثقل کے بغیر خلا میںانسانی زندگی پر کیا اثرات مرتب ہوتے ہیں۔ناسا کا کہنا ہے کہ بستر پر بہت زیادہ دن آرام ان افراد کیلئے خوشی کا باعث ہے جو بہت زیادہ کام کرتے ہیں لیکن زیادہ تر شرکاجلد ہی اس عمل سے اکتا جانے سے اتفاق کرتے ہیں۔ تاہم ان مقاصد کے حصول کیلئے ان کی حوصلہ افزائی کی جاتی ہے جیسا کہ نئی زبان سیکھنایا آن لائن کلاس لینا۔

تازہ ترین