پاکستانی شوبز انڈسٹری کے معروف اداکار فیروز خان کا کہنا ہے کہ میں ان اداکاروں کے ساتھ کام نہیں کرنا چاہتا جنہوں نے مشکل وقت میں میرے ساتھ کام کرنے سے انکار کر دیا تھا۔
مختلف سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر فیروز خان کے حال ہی میں دیے گئے ایک انٹرویو سے مختصر ویڈیو کلپ وائرل ہو رہا ہے۔
اداکار نے مذکورہ انٹرویو ساتھی اداکار و ہدایت کار یاسر نواز کے وی لاگ کے دوران دیا۔
اداکار سے جب سوال پوچھا گیا کہ کیا آپ کو برا لگا تھا کہ کچھ فنکاروں نے کہا کہ آپ کے ساتھ کام نہیں کریں گے؟
یاسر کے سوال کا جواب دیتے ہوئے فیروز خان نے کہا کہ سچ کہوں تو، اللہ تعالیٰ نے میری زندگی میں ایک فلٹر لگایا، جس کے بعد مجھے پتہ چل گیا کہ مجھے کن لوگوں کے ساتھ تعلق رکھنا ہے اور کن کے ساتھ نہیں رکھنا۔
انہوں نے بات جاری رکھتے ہوئے کہا کہ وہ لوگ جو مجھے جانتے ہیں اور میں انہیں جانتا ہوں ، ایسے لوگ جن کے ساتھ میری بہت اچھی دوستیاں رہیں ہیں ایک ایسے وقت میں ان کی جانب سے میرے لیے اس طرح کا ردعمل آنا میرے لیے حیرت کا باعث تھا لیکن اب میں اس حیرانگی سے باہر آگیا ہوں۔
انہوں نے مزید کہا کہ اب میں سمجھ گیا ہوں کہ میں جو کام کر رہا ہوں یہ سب اس کا حصہ ہے چاہے اچھا ہو یا برا یہ اسی طرح چلتا رہے گا اور مستقبل میں اس طرح کے لوگوں کے ساتھ میں خود بھی کام نہیں کرنا چاہتا جنہوں نے مشکل وقت میں میرا ساتھ چھوڑ دیا۔
خیال رہے کہ 2022ء میں جب فیروز خان اور ان کی پہلی اہلیہ علیزے سلطان نے علیحدگی اختیار کی تو معاملات عدالت تک جاپہنچے تھے۔
علیزے سلطان نے فیروز خان پر گھریلو تشدد کے الزامات عائد کرتے ہوئے طلاق کا مطالبہ کیا تھا، جس کی اداکار نے تردید کی تھی۔ بعدازاں 2023ء میں دونوں شخصیات کی جانب سے اپنی طلاق کا باقاعدہ اعلان کیا گیا تھا۔ تاہم اس عرصے کے دوران اداکارہ اقراء عزیز سمیت مختلف فنکاروں نے فیروز خان کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا اور علیزے سلطان سے اظہار یکجہتی کیا تھا۔
۔ اس کے علاوہ اداکار کے کئی مداح بھی ان کے خلاف ہوگئے تھے۔