• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سندھ نے پی ایف انڈر 15 فٹ بال ٹائٹل حاصل کرلیا

کراچی (اسٹاف رپورٹر) سندھ کی ٹیم نے پی ایف ایف قومی انڈر15 فٹبال چیمپئن شپ جیت لی۔ فائنل میں پنجاب کو پنالٹی ککس پر 4-1سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ فائنل کی اختتامی تقریب کے مہمان خصوصی پاکستان فٹ بال فیڈریشن کے سربراہ مخدوم سید فیصل صالح حیات تھے۔ انہوں نے نائب صدر و پنجاب فٹبال ایسوسی ایشن کے صدر سردار نوید حیدر خان، جنرل سیکرٹری کرنل(ر) احمد یار خان لودھی، قومی فٹ بال کے ہیڈ کوچ جوز نوگیرا، کپتان صدام حسین، فزیکل ٹرینر بیتو پورٹیلا اور سیکرٹری سندھ فٹ بال ایسوسی ایشن رحیم بلوچ کے ہمراہ انعامات تقسیم کئے۔ پنجاب اسٹیڈیم میں فائنلکا آغاز انتہائی سنسنی خیز تھا اور پنجاب کے باسط نے 5 ویں منٹ میں گول کرکے اپنی ٹیم کو 1-0 کی برتری دلا دی۔ پہلے ہاف کے ختم سے قبل حماد نے خوبصورت گول کرکے اپنی ٹیم کی برتری ڈبل کردی۔ دوسرے ہاف میں سندھ کی ٹیم نے فائٹ بیک کیا ۔ سندھ کی جانب سے محب اللہ نے 53ویں اور عامر نے 66ویں منٹ میں گول کرکے مقابلہ 2-2 گول سے برابر کردیا۔ میچ کو فیصلہ کن بنانے کیلئے دونوں ٹیموں کو پینالٹی ککس ایوارڈ کی گئیں جس پر سندھ نے 4-1سے فتح کے بعد ٹرافی حاصل کی۔ قبل ازیں تیسری پوزیشن کے میچ میں اسلام آباد نے بلوچستان کو 2-0سے شکست دی۔ سندھ کی فاتح ٹیم کے کپتان کو تین لاکھ روپے کی انعامی رقم اور خوبصورت ٹرافی، رنرز اپ پنجاب کی ٹیم کو دو لاکھ اور ٹرافی جبکہ تیسری پوزیشن حاصل کرنے والی اسلام آباد کی ٹیم کو ایک لاکھ روپے کی انعامی رقم دی گئی۔ فیئر پلے ٹرافی فاٹا کے حصے میں آئی، اسے 40ہزار روپے، بہترین کھلاڑی بسمہ اللہ (بلوچستان) کو 40ہزار، ٹاپ اسکورر مدثر(سندھ) اور بہترین گول کیپرمحمد اویس (پنجاب)کو 30،30ہزار روپے کی انعامی رقم ملی۔ سیکرٹری سندھ فٹ بال ایسوسی ایشن رحیم بلوچ کو خصوصی شیلڈ دی گئی۔
تازہ ترین