• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

فرائض سے غفلت برتنے پر ڈسٹرکٹ زکوٰۃ آفیسر راولپنڈی معطل

راولپنڈی (اپنے رپورٹر سے)وزیر زکوٰۃو عشر پنجاب شوکت علی لالیکا نے فرائض سے غفلت برتنے پر ڈسٹرکٹ زکوٰۃ آفیسر راولپنڈی کو معطل جبکہ ڈسٹرکٹ زکوٰۃ آفیسر اٹک کو شو کاز نوٹس جاری کرنے کا حکم دےدیا۔ وزیر زکوٰۃ و عشر نے یہ ہدایات راولپنڈی ڈویژن کی زکوٰۃ کمیٹیوں کے اجلاس کی صدارت کے دوران جاری کیں۔ ایڈمنسٹر یٹر زکوٰۃ پنجا ب محمد یوسف بٹ جبکہ راولپنڈی ، جہلم ، چکوال ،اٹک کے زکوٰۃ دفاتر کے افسران اور اہلکار اجلاس میں شریک تھے۔وزیر زکوٰۃ و عشر نے زکوٰۃ کمیٹی راولپنڈی اور اٹک میں زکوٰۃ کی تقسیم کے حوالے سے تحفظات کا اظہار کیا کیونکہ ان دو اضلاع میں مقامی زکوٰۃ کمیٹیوں کی کثیر تعداد تشکیل نہ پا سکی جس کی وجہ سے ان علاقوں کے مستحقین زکوٰۃ فنڈ سے مستفید نہ ہو سکے ۔شوکت علی لالیکا نے کہا کہ زکوٰۃ ایک امانت ہے اور اس امانت کو مستحقین تک ایمانداری سے پہنچانا عاملین زکوٰۃ کی ذمہ داری ہے۔ اس ذمہ داری کی تکمیل میں کوتاہی کرنے والوں کے خلاف تادیبی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ دریں اثناء وزیر زکوٰۃ و عشر نے ووکیشنل ٹریننگ انسیٹیوٹ راولپنڈی کا اچانک دورہ کیا اور زیر تعلیم طلباء سے تربیت کے حوالے سے معلوما ت حاصل کیں ۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو اپنی کارکردگی بہتر بنانے کے علاوہ گزشتہ تین سال میں جاری کردہ زکوٰۃ فنڈ سے متعلق تفصیلات فراہم کرنے اور انکی پڑتال کرنے کی ہدایت کی۔
تازہ ترین