• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی میں آج اور کل مو بائل فون سروس جزوی طور پربند رہے گی

کراچی(این این آئی)سیکرٹری داخلہ سندھ قاضی کبیرنے کہا ہے کہ 9اور10محرم الحرام کوکراچی میں موبائل فون سروس جزوی جبکہ سندھ کے دیگرشہروں میں موبائل فون سروس مکمل طورپربند ہوگی ۔ محرم الحرام کے جلوسوں کی مانیٹرنگ کیلئے وفاق سے دو ہیلی کاپٹر سندھ حکومت کومل گئے ہیں، ایک ہیلی کاپٹر پولیس اور ایک رینجرز کے حوالے کردیا گیا ہے۔صحافیوں سے غیررسمی گفتگو کرتے ہوئے سیکریٹری داخلہ سندھ قاضی کبیرکا کہنا ہے کہ محرم الحرام میں سیکورٹی کے پیش نظر ،9 اور 10 محرم کو موبائل فون سروس کے ساتھ موٹر سائیکل کی ڈبل سواری بند رہے گی ۔عوام کی سہولت کے لئے کراچی بھر میں موبائل سروس مکمل نہیں بلکہ جزوی بند کی جائے گی ۔ کراچی میں صرف جلوسوں کی گزرگاہوں اور اطراف کے علاقے میں موبائل فون سروس بند رہے گی موبائل فون سروس صبح 7 بجے سے رات 12بجے تک بند کی جائے گی تاہم ضرورت پڑنے پر10محرم الحرام کو کراچی بھرمیں موبائل فون سروس بند کی جاسکتی ہے ۔قاضی کبیر کے مطابق حیدرآباد، شہید بے نظیر آباد، خیرپور، لاڑکانہ ، شکارپور، جیکب آباد میں بھی موبائل فون سروس مکمل بند کی جائے گی سندھ حکومت نے وفاقی حکومت سے کراچی بھر میں موبائل فون سروس بند نہ کرنے کی درخواست کی ہے انہوں نے کہاکہ قانون نافذ کرنے والے اداروں نے موٹرسائیکل کی ڈبل سواری پرپابندی کی سفارش کی تھی ۔
تازہ ترین