• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

تیل کی پیداوار میں امریکا نے سعودی عرب اور روس کو پیچھے چھوڑ دیا

کراچی (نیوز ڈیسک) تیل کی پیداوار کے معاملے میں امریکا 45؍ سال بعد روس اور سعودی عرب کو پیچھے چھوڑ کر پہلے نمبر پر آ گیا ہے۔ برطانوی خبر رساں ادارے کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ رواں سال امریکا نے روس اور سعودی عرب سے زیادہ تیل کنوئوں سے نکالا اور 1973ء کے بعد یہ پہلی مرتبہ ہے کہ امریکا عالمی سطح پر تیل پیدا کرنے والے ملکوں کی فہرست میں پہلے نمبر پر آگیا ہے۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ آئندہ سال بھی امریکا اسی نمبر پر رہتے ہوئے سب سے زیادہ تیل پیدا کرنے والا ملک رہے گا۔ اعداد و شمار سے معلوم ہوتا ہے کہ فروری میں امریکا نے خام تیل کی پیداوار میں سعودی عرب جبکہ جون اور اگست کے درمیان روس کو پیچھے چھوڑ دیا۔ یہ اعداد و شمار امریکا کے انرجی اینڈ انفارمیشن ایڈمنسٹریشن ڈپارٹمنٹ کی جانب سے جاری کیے گئے ہیں۔ رپورٹ کے مطابق، امریکا نے اپنے کنوئوں سے رواں سال 10؍ ملین بیرل روزانہ تیل نکالا جبکہ سعودی عرب اور روس کی پیداوار 10؍ ملین بیرل تک رہی۔رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ سب سے زیادہ تیل ریاست ٹیکساس کے کنوئوں سے حاصل کیا گیا اور اگر ٹیکساس ایک علیحدہ ملک ہوتا تو سب سے زیادہ تیل پیدا کرنے والے ممالک کی فہرست میں عراق اور ایران کو پیچھے چھوڑتے ہوئے تیسرے نمبر پر آ جاتا۔ اسی دوران امریکا ان ممالک میں بھی سر فہرست آ گیا ہے جو اپنی ضرورتوں کیلئے تیل کی غیر ملکی درآمدات پر انحصار کرتے ہیں۔

تازہ ترین