کراچی ( نصر اقبال/ اسٹاف رپورٹر) پاکستان ہاکی فیڈریشن کے خلاف سابق کھلاڑیوں اور میڈیا کی بڑھتی ہوئی مخالفت کے بعد پی ایچ ایف کے صدر بریگیڈئیر (ر) خالد کھوکھر نے فیڈریشن کا قبلہ درست کرنے کے لئے اہم اقدامات کا فیصلہ کیا ہے، ذرائع کے مطابق انہوں نے بعض معاملات کی رپورٹ بھی طلب کی ہے جبکہ میڈیا کے شعبے کو مزید متحرک بنانے کا فیصلہ کیا ہے، اس حوالے سے انہوں نے کچھ سابق ہاکی اولمپئنز سے بھی رابطہ کیا ہے اور ان سے قومی ہاکی میں بہتری کے لئے مشاورت بھی ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ انہوں نے ڈائریکٹر ڈومیسٹک اینڈ ڈویلپمنٹ نوید عالم کو بغیر انکوائری کے عہدے سے برطرف کرنے پر بھی ناراضی کا اظہار کیا ہے اسی بنیاد پر انہوں نے ان کے خلاف انکوائری کے لئے کمیٹی قائم کی ہے، پی ایچ ایف کے صدر نے خود بھی میڈیا سے براہ راست رابطہ کا بھی فیصلہ کیا ہے ، واضح رہے کہ پی ایچ ایف کے دونوں میڈیا کا سامنا کرنے سے بہت زیادہ گریز کرتے ہیں۔