• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
 
یوم دفاع کے موقع پر تقریبات
اوورسیز کشمیر کمیٹی کے مقررین و عہدیداروں کا گروپ فوٹو

’’پاکستان قومی یکجہتی فورم‘‘کے زیر اہتمام یوم دفاع اور یوم فضائیہ کے موقع پر ایک سادہ مگر پُر وقار تقریب مقامی ہوٹل میں منعقد ہوئی۔ تقریب کا آغاز تلاوت قرآن پاک سے ہوا ،جس کی سعادت انجینئر نصیر الدین نے حاصل کی۔ نظامت کے فرائض انجینئرآصف محمود بٹ نے سر انجام دیتے ہوئے فورم کے اغراض و مقاصد اور سرگرمیوں پر روشنی ڈالی۔ فورم کے بانی کنوینر سید ریاض حسین بخاری نے مہمانوں اور حاضرین کا خیر مقدم کیا اور ان کی شرکت پر شکریہ ادا کیا۔ انھوں نے کہا کہ دیار غیر میں پاکستانی کمیونٹی کی یہ واحد اور منفرد تنظیم ہے جس میں پاکستان کی تمام بڑی سیاسی اور مذہبی جماعتوں کے نمائندے ایک پلیٹ فارم پر جمع ہوکر ستمبر 1965کی بھارت کے خلاف جنگ میں پاک فوج کی بہادری، شہیدوں کی قربانی اور پاک فضائیہ کے بےمثال کارناموں کو خراج تحسین ،عقیدت و تکریم کے لئے جمع ہوئے ہیں۔مقررین نے اس دن کے حوالے سے خطاب کرتے ہوئے افواج پاکستان اور شہداء کو زبردست خراج تحسین پیش کیا اور ملک کے دفاع کے لیے پاک فوج کے شا نہ بشانہ کھڑے رہنے کا عزم کیا ۔ انھوں کشمیریوں اور بنگلادیش میں پھنسے ہوئے محب وطن پاکستانیوں سے بھی یکجہتی کا اظہار کیا۔ تقریب سے جن نمائندوں نے خطاب کیا ان میں پی آر سی کے ڈپٹی کنوینر حامد الاسلام خان، پاکستان تحریک انصاف ، جدہ ریجن کے صدر میاں احمد بشیر، پاکستان جنرنلسٹس فورم (پی جے ایف) کے چیئرمین امیر محمد خان، جماعت اسلامی کے میاں ذوالفقار، پاکستان ویلفیئر سوسائٹی (پی ڈبلیو ایس) کے جنرل سیکریٹری ڈاکٹرامجد عبید، پاکستان کرسچن ویلفئیرسوسائٹی کے صدر پرویز یوسف، عوامی نیشنل پارٹی کے نوشیرواں خٹک ، صحافی سید مسرت خلیل اور کمیونٹی کی معروف شخصیت چوہدری محمد اعظم نے خطاب کیا۔ تقریب میں ستمبر کی جنگ کے دوران پاک فوج کے سپاہیوں کے ہمراہ رضا کارنہ خدمات انجام دینے والے معمر غازی محمد عامل عثمانی نے اپنی یاداشتیں بیان کیں۔

یوم دفاع کے موقع پر تقریبات
قومی یکجہتی فورم سے امیر محمد، ریاض بخاری خطاب کررہے ہیں

دوسری تقریب جموں کشمیر کمیونٹی اوورسیز نے منعقد کی۔جس میں مقررین نے کہاکہ 65 کی جنگ کے شہیدوں کی قربانیوں اور غازیوں کی حب الوطنی کو فراموش نہیں کیا جاسکتا یہ ہماری تاریخ کا حصہ ہیں۔ ان کی قربانیوں نے پاکستان کے وجود کو برقرار رکھا اور پاکستان کے بہادر اور غیور عوام کا سر فخر سے بلند کیا۔ اس وقت مقبوضہ کشمیر میں بھی نوجوان اسی جذبے کو دہرا رہے ہیں ،اللہ تعالی کشمیر یوںکو بھی قربانیوں کا صلہ آزادی کی صورت میں دے گا۔ یوم دفاع اور یوم شہداء کے حوالے سے منعقدہ تقریب کی صدارت چئیرمین جے کےسی اوسردار ایم اشفاق نے کی اور نظامت سیکریٹری جنرل جے کےسی اوسردار وقاص عنایت نے کی۔ مقررین نے کہا کہ ستمبر 65ء کو پاکستان پر بھارت نے رات کے اندھیرے میں جنگ مسلط کرکے صبح کے ناشتے کا خواب دیکھا جو اللہ نے اپنے خاص فضل وکرم سے پاکستان کی فوج اور قوم کو طاقت اور بصیرت کی بدولت ناکام بنایا۔پاکستان کی بری ،بحری اور فضائی افواج نے اپنی پیشہ وارانہ صلاحیتوں کا بے مثال مظاہرہ کیا اور سترہ دن کی جنگ میں کسی بھی محاذ سے دشمن کو آگے بڑھنے نہ دیا۔ پاکستانی قوم کے ہر فرد ہر طبقے نے اس جنگ میں اپنا حصہ ڈالا اور دنیا کو بتایا کہ پاکستانی ایک بہادر، نڈر اور با صلاحیت قوم ہے ہم سب کی دعا ہے اور خواہش ہے کہ جس طرح آج مقبوضہ کشمیر میں نوجوان ستمبر 65والے جذبے کو زندہ کیے ہوئے ،کشمیر کی آزادی کی جنگ لڑ رہے ہیں، اللہ ایک دن کشمیر کوبھی آزادی عطاکرے گا۔ تقریب میں گذشتہ روز جی ایچ کیو میں ہونےوالی تقریب میں عسکری اور سیاسی قیادت کے اتحادواتفاق سے شرکت کو سراہا گیا۔ مقررین میں سردار اشفاق، سردار عبداللطیف عباسی، غلام نبی بٹ، سردار اقبال، چوھدری خورشید متیال، راجہ زرین خان، چوھدری معروف حسین، سردار سجاد شاہین، عارف مغل، سردار ابرار شامل تھے۔تقریب کے اختتام پر شہدا کے درجات کی بلندی، استحکام پاکستان اور کشمیر کی آزادی کی دعا بھی کی گئی۔

تازہ ترین