• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

امریکا ، آسٹریلیا ، کینیڈا ، ایشیائی اور یورپی ممالک میں مقیم تارکین وطن پاکستانی وطن عزیز کے سفیر ہیں ، پاکستانی کمیونٹی کو دیار غیر میں رہتے ہوئے اپنی رسومات ، مذہبی اور قومی دنوں میں شمولیت ، مثبت کردار اور اخلاق سے مقامی برداری کو اپنے قریب لانا ہوتا ہے اور پاکستانی کمیونٹی ایسا ہی کرتی ہے، جس کی وجہ سے وہ مقامی کمیونٹی کے قریب ہو کر اُن کے کلچر کو سمجھ کر اور اُن کے اسکولوں ، کالجز اور یونیورسٹیز میں تعلیم حاصل کرکے اپنے بچوںکا بہتر مستقبل بنانے میں کوشاں ہے ۔ دیار غیر میں مقامی کمیونٹی کے ساتھ بہتر تعلقات کے ساتھ ساتھ پاکستان کی سیاسی جماعتوں کے نمائندے اور مختلف مسالک کے لوگ رواداری اور بھائی چارے کی فضاء کو برقرار رکھنے کے لئے ایک دوسرے کا مکمل ساتھ دیتے ہیں، جس کی وجہ سے بھی مقامی سرکاری اور نیم سرکاری اداروں اور خاص کر بلدیہ میں مسلمان کمیونٹی کو پذیرائی ملتی ہے ۔ عید میلاد النبیﷺ کے جلوسوں میں شعیہ سنی بھائی بھائی بن کر شامل ہوتے ہیں۔ منہاج القرآن ، دعوت اسلامی ، القائم اسلامک سنٹر ، اثناء عشریہ ایسوسی ایشن ، بنگلہ دیش ، براعظم افریقہ کے مختلف ممالک کے مسلمان ، طارق بن زیاد مسجد اوربھارتی مسلمان بھی مل جل کر نماز عیدین پڑھتے ہیں اور ایک دوسرے کو مبارک بادوں کے پیغامات دیتے ہیں ۔ اسی طرح سنی مسلک کے لوگ شہادت حسین کانفرنس ، جشن مولود کعبہ ، عید میلاد النبیﷺ کے موقعے پر مل جل کر شامل ہونے میں فخر محسوس کرتے ہیں ۔

ہر سال کی طرح اس مرتبہ بھی بارسلونا میں عشرہ محرم میں مجالس منعقد کی گئیں، امام بارگاہ القائم اسلامک سنٹر اور امام بارگاہ اثناء عشریہ ایسوسی ایشن میں مجالس کا اہتمام کیا گیااور نویں دسویں محرم کے جلوس سڑکوں پر برآمد کئے گئے جو اپنے روائتی راستوں سے ہوتے ہوئے اپنی منزل پر پہنچ کر اختتام پذیر ہوئے۔ بارسلونا کے القائم اسلامک سنٹر میں پاکستان سےآئے ہوئے علامہ ناصر عباس آف پنڈی سندرانہ نے عشرہ محرم کی مجالس پڑھیں،جن میں پاکستانی کمیونٹی کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔اہل تشیع اور اہل سنت سے تعلق رکھنے والے پاکستانی کمیونٹی کے ارکان نے اتحاد بین المسلمین کا مظاہرہ کرتے ہوئے مجالس کا اہتمام اور پانی کی سبیلوں کا بڑی تعداد میں انتظام کیا تھا،جن میں حاجی اسد حسین ، چوہدری امانت حسین مہر ، چوہدری امتیاز آف لوراں ، چوہدری ثاقب طاہر ، چوہدری عبدالغفار مرہانہ ، محمد اقبال چوہدری ، حافظ عبدالرزاق صادق ، امجد ڈار ، راجہ امجد خالق ، شاہد لطیف گجر ، شہزاد اکبر وڑائچ ، محمد بشیر آف میڈرڈ ، طارق بھٹی ، شجاعت علی رانا ، عمیر ڈار ، اقبال گجر ، باؤ اشتیاق ، سعید شاہ ، محمد ادریس ، وحید شیخ ، گوہر بخاری ، شہزاد بھٹی ، نامدار اقبال خان راجہ اودیگر پاکستانی شامل ہیں ۔ 

القائم اسلامک سنٹر بارسلونا کے خادم اقبال گجر نے روزنامہ جنگ سے بات کرتے ہوئے کہا کہ دوسرے ممالک میں ہمیں اپنی ذاتی رنجشوں کو پس پشت ڈال کر بھائی چارے کی فضاء کو قائم کرنا چاہیئے کیونکہ یہ ہمارے دین کی طرف سے ہمیں حکم ہے ، انہوں نے کہا کہ مذہبی ایام میں ایسا کوئی بیان یا ایسی کوئی بات نہیں کرنی چاہیئے جس سے دوسرے مسالک کے ماننے والوں کی دل آزاری ہو ، یہاں ان ممالک میں ہر کسی کو اپنے انداز سے عبادت کرنے کی کھلی اجازت دی گئی ہے، تو ہمیں بھی چاہیئے کہ ہم اس اجازت کا بھر پور فائدہ اٹھائیں اور اپنے رب کو راضی کریں ، ہمیں چاہیئے کہ ان ممالک میں کہ جہاں سے ہم رزق کماتےہیں وہاں کے قانون کا احترام کریں ۔ انہوں نے کہا کہ ہم دسویں محرم کا جلوس برآمد کرتے ہیں تو مقامی انتظامیہ ہمیں سیکیورٹی فراہم کرتی ہے ،ہمارا مکمل خیال رکھتی ہے تو ہمیں بھی چاہیئے کہ مقامی کمیونٹی ہم سے جو امیدیں وابستہ کئے ہوئے ہے وہ ہم پوری کریں ۔ا سپین میں مقیم پاکستانی معززین کا کہنا ہے کہ ہمیں مذہبی منافرت کو پھیلانے سے باز رہنا چاہیئے ۔ سفارت خانہ پاکستان ، قونصل جنرل آف پاکستان بارسلونا اور دوسرا سرکاری عملہ بھی مقامی حکومت کے ساتھ مذہبی معاملات کے حوالے سے رابطے میں رہتا ہے ۔ محرم الحرام ہمیں بھائی چارے اور صبر کا پیغام دیتا ہے۔

تازہ ترین