سکھر......اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ نے کہا ہے کہ پنجاب میں نیب کی کارروائیوں پر سیخ پا ہونے کی ضرورت نہیں بلکہ نیب کا طریقہ کار ٹھیک کیا جائے۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ پٹھا ن کوٹ واقعے پر پارلیمنٹ کو اعتماد میں لیا جائے۔
سکھر میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے خورشید شاہ نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے 2008ء میں نیب کو ختم کرنے اور احتساب کمیشن بنانے کی بات کی تھی۔
انہوں نے کہا کہ اس پر سیخ پا ہونے کی ضرورت نہیں، طریقہ کار ٹھیک کیا جائے، انوسٹی گیشن ٹھیک کی جائے، ملزم کو موقع دیا جائے ، نیب کا پہلے پکڑو جیل میں ڈالو ریمانڈ لو دو سال بعد کہو بے گناہ ہے یہ طریقہ کار غلط ہے۔
خورشید شاہ نے مطالبہ کیا کہ پٹھان کوٹ واقعے پر حکومت پارلیمنٹ کو اعتماد میں لے،اپوزیشن لیڈر کا کہنا تھا کہ وزیر صحت کا مہنگی دوا نہ لینے اور سستی دوائیں خریدنے کا مشورہ ستم ظریفی ہے، یہ ایسے ہی ہے کہ روٹی نہیں ملتی تو کیک کھالیں۔