• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ہائوسنگ سوسائٹی کے متاثرین کا عمران خان کے گھر کے باہر احتجاج

لاہور (نمائندہ جنگ) زمان پارک میں وزیراعظم عمران خان کے گھر کے سامنے ہائوسنگ سوسائٹی کے متاثرین کے احتجاج کی وجہ سے کئی گھنٹے ٹریفک جام رہی جس سے شہریوں کو شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔ مظاہرین وزیراعظم سے ملنا چاہتے تھے ،انتظامیہ نے ملنے نہ دیا،وزیراعظم دوسری طرف سے میٹنگ کیلئے چلے گئے،متاثرین کے مطابق انہوں نے ایک سوسائٹی سے تقریباً آٹھ دس سال قبل پلاٹ خریدے تھے۔ سوسائٹی کے مالکان نے خریداروں کو نہ پلاٹ دیئے اور نہ ہی ان کی رقم واپس کی۔ متاثرین جب سوسائٹی میں جاتے تو سکیورٹی گارڈ انہیں تشدد کا نشانہ بناتے اور بدتمیزی کرتے جس پر لوگوں نے احتجاج شروع کر دیا، عدالتوں کے دروازے کھٹکھٹائے لیکن شنوائی نہ ہوئی ۔گزشتہ روز وزیراعظم عمران خان کی لاہور آمد کے سلسلہ میں سوسائٹی کے متاثرین نے زمان پارک میں عمران خان کی رہائشگاہ کے باہر احتجاج کا پروگرام بنایا۔ متاثرین جن میں بوڑھے، جوان بچے اور خواتین شامل تھیں، زمان پارک کے باہر پہنچ گئے اور سوسائٹی کے مالکان کیخلاف احتجاج اور نعرے بازی شروع کردی اور مطالبہ کیا کہ ان کی رقم واپس دلائی جائے۔ مظاہرین نے عمران خان کی رہائش گاہ کی طرف جانا چاہا تو پولیس نے خاردار تاریں لگا کر انہیں آگے جانے سے روک دیا جس سے پولیس اور مظاہرین کے مابین جھڑپیں ہوئیں۔ مظاہرین عمران خان سے ملنا چاہتے تھے لیکن انتظامیہ نے ان کی ملاقات نہ ہونے دی اور وزیراعظم دوسری طرف سے اپنے شیڈول کے مطابق میٹنگ کیلئے چلے گئےلیکن مظاہرین نے احتجاج جاری رکھا جس کی وجہ سے کینال روڈ بلاک ہوگئی۔ ٹریفک پولیس نے جیل روڈ پر رکاوٹیں کھڑی کرکے ٹریفک دوسری طرف موڑ دی۔ ٹریفک زیادہ ہونے کی وجہ سے کینال روڈ بلاک ہوگئی۔لوگ گھنٹوں تک اپنی گاڑیوں میں محبوس رہے۔ ٹریفک پولیس نے جیل روڈ پر رکاوٹیں کھڑی کرکے ٹریفک موڑ دی۔ کینال روڈ، مال روڈ، جیل روڈ، ارد گرد کے علاقوں میں ٹریفک متاثر ہوتی رہی اور مظاہرین کا احتجاج جاری رہا۔
تازہ ترین