مسلم لیگ ن کے صدر اور قومی اسمبلی میںقائد حزب اختلاف نے کہا ہے کہ تبدیلی کا نعرہ لگانے والوں نے الف لیلی کی دستانیں سنائیں ، ہوا میں قلعے تعمیر کیےاور حقائق کی روشنی میں اپوزیشن کمیشن سے مکمل تعاون کرے گی ۔
ڈپٹی اسپیکر قاسم سوری کی زیرصدارت قومی اسمبلی کا اجلاس شروع ہوا جس سے قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ پروٹوکول نہ لینے اور سادگی کی دھول آنکھوں میں جھونکی گئی،بڑے بڑے دعوے کرکے عوام کو سبز باغ دکھائے گئے۔
شہباز شریف کی تقریر کے دوران اپوزیشن اور حکومتی ارکان کے درمیان سخت جملوں کا تبادلہ بھی دیکھنے میں آیاجسے ڈپٹی اسپیکر نے ختم کروایا۔
اپوزیشن لیڈر نے کہا کہ نان ٹیکس فائلر پورے پاکستان میں گھنگھرو ڈال کر گاڑیاں اور پراپرٹی خرید سکتا ہے، اسد عمرنے ان کی چاندی کرادی، اُن سے ایسی امید نہیں تھی، یہ کون سا نیا پاکستان ہے؟
ان کا کہنا تھا کہ2013میں ن لیگ کی حکومت کو جو چیلنجز ملے تھے عوام کیساتھ ملکر ان مسائل کو ختم کیا،دہشت گردی ،بجلی کے بحران اور دیگر مسائل پر عوام کی مدد سے قابو پایااور زراعت کے لیے تاریخ کا سب سے بڑا پیکیج ن لیگ کی حکومت نے دیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ ن لیگ کی حکومت میں لاکھوں ٹیوب ویلز کو بجلی میں سبسڈی دی گئی ،کسانوں کو بلاسود اربوں روپے کے قرضے دیے گئے اورزراعت کو اپنے پاؤں پر کھڑا کیا گیا۔
شہباز شریف نے بتایا کہ امریکی وزیرخارجہ سے فون پر گفتگو کرکے قوم سے غلط بیانی کی گئی ،چینی وزیرخارجہ کو سر آنکھوں پر بٹھانے کے بجائے بے رخی سے استقبال کیا گیا، سی پیک سے متعلق جو باتیں کی گئیں یہ پاکستان کے ساتھ دشمنی کے مترادف ہےجبکہ سی پیک ملک اور خطے میں معاشی ترقی کا سنہری موقع ہےاور سی پیک 22کروڑ عوام کے لیے بہت اہم ہے یہ چین پاکستان کے درمیان پل ہے تاہم عوام اور یہ ایوان سی پیک کو کہیں جانے نہیں دے گا۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ یہ حکومت عوام کے ووٹوں سے نہیں آئی دھاندلی کی پیداوار ہے ،پرسوں عوام کی غربت کا رونا رویا گیا اور آج عوام پر منی بجٹ کا بم گرایا گیا۔
وزیر خزانہ کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے قائد حزب اختلاف نے کہا کہ یہ پڑھے لکھے وزیرخزانہ ہیں ان سے توقع نہیں تھی کہ یہ ایسا عوام دشمن بجٹ لائیں گےجس میں متوسط طبقے کے لیے گیس کی قیمت بڑھا دی گئی ، آپ اشرافیہ کے لیے قیمتیں بڑھادیں کوئی اختلاف نہیں کرے گالیکن غریب عوام پر ٹیکس بڑھانا ان کے بچوں پر ظلم کی بات ہے۔