• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کینیا کی بندرگاہ پر پاکستانی چاولوں کے کنٹینرز نہیں روکے گئے ،ترجمان وزارت تجارت

اسلام آباد (نمائندہ جنگ ) وزارت تجارت نے کہا ہے کہ کینیا کی بندرگاہ پر پاکستانی چاولوں کا معائنہ نہیں کیا گیا اور نہ ہی پاکستان کے چاولوں کے چھ سو کنٹینرز روکے گئے ، کینیا کی بندرگاہ پر بحری جہازوںکی کلیئرنس کا عمل سست روی کا شکار ہے جو چند ہفتوں میں معمول پر آجائےگا، وزارت تجارت کے ترجمان نے میڈیا میں آنیوالی بعض خبروں کی وضاحت جاری کرتےہوئےکہا کہ ایسا تاثر پیدا ہوا ہے کہ کینیا کے حکام نے پاکستان کے چاولوں کا اضافی معائنہ کیا جو کہ پاکستان کسیاتھ امتیازی سلوک ہے اور اس کا تعلق پاکستانی چاولوں کے معیار پر تشویش سے ہے ، وزارت تجارت کے مطابق پاکستانی چاول کا معیار عالمی سطح پر تسلیم شدہ ہے اور پاکستان دنیا بھر کے تقریباً 100ممالک کو 4کروڑ ٹن سے بھی زیادہ چاول برآمدکرتا ہے۔ ترجمان نے کہا کہ کینیا کی بندرگاہوں پر ایسی اشیاء کی کلیرنس سخت کر دی گئی ہے اور معائنہ کا ر ادارے ملک سے قطع نظر تمام اشیاء کے نمونہ جات لیکرٹیسٹ کروا رہے ہیں ، بعض خبروں کے بعد کینیا میں پاکستانی ہائی کمیشن نے کینیا کے متعلقہ حکام سے بھی رابطہ کیا جس پر بتایا گیا ہے کہ پاکستانی چاول کی شپ مینٹس کا کسی قسم کا کوئی مخصوص معائنہ نہیں کیا جا رہا ہے ۔
تازہ ترین