• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
,

سوکا ورلڈ کپ فٹ بال میں شرکت، پاکستانی فٹ بال کے یاد گار لمحات ہوں گے

 پُرتگال کے شہر لسبن میں کھیلے جانے والے سوکا ورلڈ کپ (منی ورلڈ کپ) فٹ بال میں پاکستان کی ٹیم دنیائے فٹ بال کے بڑے ایونٹ میں پہلی بار جلوہ گر ہوچکی ہے۔ ایونٹ میں اسپین اورمالڈوا کے خلاف میچجز کھیل چکی ہے،ر وس کے خلاف 27ستمبر کو میچ ہوگا۔ پاکستان کو گروپ ’بی‘ میں اسپین، مالڈوا اور رشیا کے ساتھ رکھا گیا ہے۔ اس ایونٹ کے موقع پر دنیا بھر کی 32 بڑی ٹیمیں سکس اے سائیڈ ایونٹ میں ایکشن میں ہیں۔ انٹرنیشنل سوکا فیڈریشن کے نائب صدر، شاہزیب ٹرنک والا نے یورپ میں ہونے والے تاریخی ایونٹ میں پاکستان ٹیم کی عمدہ کارکردگی پیش کرنے کے حوالے سے انتہائی پُرامید ہیں۔ شاہ زیب ٹرنک والا جو ورلڈ گروپ کے پریذیڈنٹ بھی ہیں، ان کا کہنا ہے کہ لیژر لیگس نے قومی کھلاڑیوں کو اپنی صلاحیتوں کے اظہار کا بھرپور موقع فراہم کیا ہے اب یہ ان پر منحصر ہے کہ وہ اپنی اہلیت کو کس حد تک ثابت کرتے ہیں۔ اپنی مدد آپ پاکستان ٹیم کو یورپ میں بھیجنے کا مقصد دنیا بھر میں پاکستانی فٹ بال کو روشناس کرانا ہے۔ پاکستانی ٹیم کی دنیا کے ٹاپ ممالک کے درمیان موجودگی اور مقابلوں سے پاکستان کا سافٹ امیج دنیا بھر میں جائے گا۔ شاہ زیب نے پُرتگال میں مقیم پاکستانیوں سے دوران ٹورنامنٹ گرائؤنڈپر اپنی آمد کو یقینی بنا کر قومی ٹیم کی سپورٹ کی درخواست کی ہے۔ پاکستان ٹیم سکس اے سائیڈ ورلڈ کپ میں 32ٹیموں کو 4,4کے 8گروپ میں تقسیم کیا گیا ہے۔ پہلے لیگ رائؤنڈ میں ہر گروپ کی ٹیم ایک دوسرے کے ساتھ باہم مقابل ہوگی۔ ہر گروپ کی 2ٹاپ ٹیمیں 16ٹیموں کے ناک آؤٹ مرحلے کیلئے کوالیفائی کریں گی۔ 28ستمبر کو پری کوارٹر فائنلز اور کوارٹر فائنلز جبکہ دونوں سیمی فائنلز ، تیسری پوزیشن اور فائنل 29ستمبر کوکھیلا جائے گا۔ پاکستان ٹیم کی سوکا ورلڈ کپ میں نمائندگی نیشنل چمپئن شپ کی فاتح آئی سی اے ڈبلیو (لاہور)کرے گی جس نے فائنل میں پشاور کی ٹیم کو شکست دے کر پُرتگال ایونٹ کیلئے اپنے نام کا اندارج کرایا تھا۔ 10رکنی اسکواڈ میں دیگر چار کھلاڑیوں کا انتخاب نیشنل چیمپئن شپ کی سیمی فائنلسٹ ٹیموں اور ایک اسٹریٹ چلڈرن سے کیا گیا ہے۔ پاکستان کے 14رکنی دستہ کی قیادت آفاق احمد کررہے ہیں دیگر کھلاڑیوں میں حافظ محمد ولید، عمر جاوید، حیدر علی، سعد علی خان، زید محمود، عامر اقبال گونٓدل، عبدالحنان جاوید، زبیح اﷲ وڑائچ، محمد زبیرعادل (لاہور)، محمد عالمگیر (پشاور)، محمد کاشف (کوئٹہ)، ظفر خان (کراچی)، سمیر احمد (اسٹریٹ چائلڈ) شامل ہیں جبکہ پاکستان کے مایہ ناز فٹ بال کوچ جنہوں نے کئی بار عالمی مقابلوں میں پاکستان کی مردوں اور خواتین ٹیموں کے ہیڈ کوچ کی حیثیت سے شرکت کی ہے۔ ساکا ورلڈ کپ کھیلنے والی پاکستانی ٹیم کے ہیڈ کوچ ہوں گے۔دنیا بھر کے عالمی شہرت یافتہ فٹ بالرز کو پاکستان بلاکر فٹ بال میں تاریخ رقم کرنے والے محمود ٹرنک والا اور ان کے سپوتوں نے پاکستان میں فٹ بال کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنے والے پی ایف ایف کے سربراہ فیصل صالح حیات سے ملاقات کی اور کھیل کی ترقی کیلئے ان کے اقدامات کو قابل ستائش قرار دیتے ہوئے ملکی فٹ بال اسے اہم پیش رفت قرار دیا اور کہا کہ ان کے اقدامات سے قومی سطح پر فٹبال کھیل کی سرگرمیاں تواتر سے جاری ہیں اور قومی ٹیم ایک بار پھر انٹرنیشنل ایونٹ کا حصہ بن رہی ہے جس سے کھلاڑی پُرجوش اور پُرعزم ہیں۔ ورلڈ گروپ کے چیئرمین محمود ٹرنک والا نے فیفا فٹبال ہاؤس لاہور میں صدر فیڈریشن مخدوم فیصل صالح حیات سے خصوصی ملاقات کی۔ 

اس موقع پر لیثررلیگس کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر شاہزیب ٹرنک والااور صدر، پنجاب فٹبال ایسوسی ایشن سردار نوید حیدر بھی موجود تھے۔ دوران ملاقات انٹرنیشنل سوکا فیڈریشن کے نائب صدر شاہ زیب ٹرنک والا نے لیژر لیگس کی جانب سے گذشتہ دو سالوں سے ملک بھر ہونے والی فٹبال سرگرمیوں سے متعلق صدر فیڈریشن سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا اور انہیں بتایا کہ لیثررلیگس 5,6 & 7سائیڈفٹبال ہے جس کا گزشتہ سال کراچی، لاہور اور اسلام آباد سے بیک وقت آغاز کیا گیا اور اب اس کا دائرہ وسیع ہوکر 12شہروں تک پھیل گیا ہے جہاں تواتر کے ساتھ لیژر لیگس کے مقابلے سیزن کی بنیاد پر کھیلے جارہے ہیں۔ سیزن کی چیمپئن ٹیموں کے مابین انٹراسٹی بعدازاں کراچی، لاہور، اسلام آباد، پشاور، مردان، کوئٹہ، قلعہ سیف اﷲ اور حیدر آباد کے مابین نیشنل چمپئن شپ کا کامیاب انعقادکراچی میں 28تا30جون کیا گیا۔ نیشنل چیمپئن شپ کی فاتح لاہور کی آئی سی اینڈ ڈبلیو(آئی کین اینڈ ول) نے بحیثیت نیشنل چمپئن 23تا29ستمبر 2018پُرتگال کے شہر لسبن میں ہونے والے سکس اے سائیڈ آئی ایس ایف ورلڈ کپ کا ٹکٹ حاصل کیا جہاں پکستان کی ٹیم دنیا کی 32ٹیموں کے درمیان شامل ہوگی۔ پاکستان ٹیم 21ستمبر کو کراچی سے پُرتگال کے شہر لسبن براستہ اسپین روانہ ہوگی۔ شاہ زیب ٹرنک والا نے صدر فیڈریشن کو بتایا کہ گذشتہ سال جولائی میں دنیائے فٹبال کے لیجنڈری فٹبالر رونالڈینہو اور ریان گگس کے ہمراہ 7عظیم فٹبالرز لیژر لیگس کی دعوت پر پاکستان آئے تھے اور کراچی اور لاہور میں مقامی کھلاڑیوں کے ہمراہ دو نمائشی میچز بھی کھیلے۔ غیر ملکی کھلاڑیوں کے پاکستان آمد سے پاکستان کا سافٹ امیج پوری دنیا میں گیا۔ اس کے بعد دیگر کھیلوں سے وابستہ غیرملکی کھلاڑیوں نے پاکستان کا رخ کیا۔ لیژر لیگس کے اس اقدام کو دنیا بھر میں سراہا گیا۔ صدر پاکستان فٹ بال فیڈریشن مخدوم فیصل صالح حیات نے لیژر لیگس کی فٹبال کے فروغ کیلئے کی جانے والی کوششوں کو بیحد سراہا اور اس بات پر اتفاق کیا کہ پاکستان فٹبال فیڈریشن اور لیژرلیگس ایک ساتھ مل کر پاکستان میں فٹبال کی ترقی اور اس کی بہتری کیلئے کام کریں گے اور جلد اس اقدام سے پاکستان کی فٹبال میں انقلابی اورمثبت تبدیلیاں رونما ہوں گی جو پاکستان کے ہر فٹ بال لور کا دیرینہ خواب ہے۔ سردار نوید حیدر نے بھی پاکستان فٹبال فیڈریشن اور لیژر لیگس کے مابین ہونے والی ملاقات کو فٹبال کی ترقی کیلئے خوش آئند قراردیا۔

تازہ ترین
تازہ ترین