اسلام آباد( نمائندہ جنگ) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فوادچوہدری نے کہا ہے کہ ملک کی معاشی بدحالی کے سب سے بڑے مجرم اسحاق ڈاراینڈ کمپنی ہے جن کو خصوصی طیارے پر پاکستان سے باہر بھجوا دیا گیا،ہماری ایک ماہ کی کارکردگی دوسروں کے ایک سال سے بہتر ہے،ملک میں فارن ریزرو ( غیرملکی زرمبادلہ) ڈیرھ ماہ سے زیادہ کے نہیں ،5برسوں میں اگر قرضہ 28ٹریلین پر چلا گیا تو اس کی ذمہ دار 21دن کی حکومت نہیں ۔ قومی اسمبلی میں فنانس بل پر بات کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کہاکہ مسلم لیگ ن نے ملک میں ایسٹ انڈیا کمپنی کی طرح حکومت کی ہے ہمیں ناتجربہ کار کہنے والے تجربہ کاروں نے جس طرح حکومت کی وہ سب کو پتہ ہے، تجربہ کاروں نے مالیاتی خسارہ 7اعشاریہ 2فیصد کردیایعنی 2ہزار سات سو 80ارب روپے کا خسارہ ہے۔ہمیں چندوں سے روکنے والے کوئی راستہ بھی تو بتائیں، ملک میں فارن ریزرو صرف ڈیڑھ ماہ کے ہیںجس دن پاکستان پیپلز پارٹی نے حکومت چھوڑی عوامی قرضے 6ٹریلین تھےاور مسلم لیگ کی 5 سال کی حکومت میں یہ قرضے28ٹریلین ہوگئے، مہنگے ترین قرض لے کر کھلونے بنائے گئے ۔