فرانس کی سرزمین سے متاثر فرینچ کنٹری اسٹائل ایک سادہ اور باذوق طرز زندگی کا نام ہے! اس میں زمانہ قدیم کی جمالیات اور دورحاضر کی آرام دہ سہولیات کا امتزاج ، آپ کوزندگی ا س کی رنگا رنگی کے ساتھ گزارنے کا احساس دلاتاہے۔ دراصل یہ دیہی اور شہری طرز زندگی کا ملاپ ہے۔ آج کے دور میں جہاں ہم ہر چیز مہین ، باریک اور فنشنگ کے ساتھ استعمال کرتے ہیں لیکن اگر اس کے متضاد ان چیزوں کو کمالِ خوبی سے تھوڑا ٓرٹسٹک انداز سے سجائیں تو یہ فرینچ کنٹری اسٹائل دیکھنے والے اور رہائش پذیر افراد کی طبیعت پر اچھا اثر ڈالتی ہے۔
نیلگوں دیوار
تاریخی طور پر ، جنوبی فرانس میں ایک دیوار ڈسٹمپر سے رنگی جاتی تھی ، جو کہ چونے یا سفیدی کی ایک شکل تھی اور بہت سے رنگوں میں دستیاب تھی۔ اگرچہ ڈسٹمپر اب اپنی اہمیت کھوتا جارہاہے ، لیکن اگر آپ آسمانی رنگ کی ایک دیوار ڈبل اسٹروک کے ساتھ رنگ دیں توآپ کا کمرہ منفرد ہو جائے گا۔
کلر فُل سریمکس
صدیوں پہلے مٹی کے برتنوں کاخصوصی طور پر استعمال ہوتا تھا۔یہ کھانے پکانے، اسٹور کرنے اور مہمانوں کو پیش کرنے کیلئے استعمال ہوتے تھے۔ آج مٹی کے بجائے یہ برتن سریمکس سے بنتے ہیں ۔ پالش شدہ ان نفیس برتنوں میں آپ کو مرتبان، برنیاں، پلیٹیں ، جگ ، پیالے ، طشتریاں اور کٹوریاں سب ملیں گی ، ان برتنوں کو سجاکرآپ گھر کو دلکش بنائیں گے۔
ٹیرس بنائیں
آئوٹ ڈورایریا کا ہونااگرہماری ضرورت نہیں تو چاہت تو ضرورہوتی ہے۔یہ آپ کے اندرونی کمروں اور گارڈن کے درمیان ایک جگہ ہوتی ہے۔ آپ گھر کے آئوٹ ڈور میں گرمیوںکیلئے ایک لِونگ روم ٹیرا کوٹا یا اسٹون ٹائلز یا پھر گول پتھروں کی مددسے بنا سکتے ہیں۔ اس میں سادہ سا بستر ، ایک ٹیبل اور چار کرسیاں ، ایک جالی دارجھولا اور ایک لائونج چیئر لگاکرموسم گرم کے مزے لوٹیں۔
ٹیرا کوٹاٹائلز
فرینچ کنٹری اسٹائل میں ٹیرا کوٹا ٹائل بھی استعمال ہوتاہے۔ 17ویں صدی میں دراصل یہ پیتل یا پیتل جیسے رنگ کا ہوتا تھا، جسے پالش شدہ مربع کی شکل میں دیواروں اور فرش میں لگایا جاتا تھا ۔ آپ شطرنج کے چیکرز کی طرح بلیک اینڈ وائٹ ٹائلز بھی لگاسکتے ہیں ، کمرے یا صحن میں نہیں تو کچن میں لگا کراسے نیا لُک دے سکتے ہیں۔
پھول اور بیلیں
ایک خوبصور ت فرینچ کنٹری اسٹائل میں گارڈن اور گارڈن میں بیلیںاور بیلوں میں لگے پھول آپ کے لئے نہ صرف سائبان کا کام کرتے ہیں بلکہ طبیعت پر اچھا اثر چھوڑجاتے ہیں۔ آپ ایک پرگولا (Pergola)بنا کر اسے پھولوں اور بیلوں سے ڈھک سکتے ہیں ۔ اگر آپ چاہتے ہیں کہ روشنی اندر آئےتواس میں خلا بھی چھوڑا جاسکتاہے، بعد میں پھولوں سے ڈھک جانے کے بعدیہ ’پرگولا‘ بہت رومانوی احساس دے گا۔
کوئلٹ کا ڈسپلے
کوئلٹ یا لحافوں کے ٹیکسٹائل ڈیزائن میں پھول ، پودے ، زیتون کی شاخیں، چھوٹے پھل اور شہد کی مکھیوں کی اشکال زیادہ تر پائی جاتی تھیں۔ ایک ہی پیٹرن کی تکرار سے پرنٹڈ کپڑاجب رکھیں تو اس کے نیچے سادہ یا ایک رنگی کپڑا ضرور رکھیں ، اس طرح وہ نمایا ں ہوگا۔ اگر آپ پرنٹڈ پھول بوٹے والے پیٹرن پسند نہیں کرتے تو ایک سادہ لیکن دیدہ زیب کپڑا بچھاد یں ۔
ونٹیج اسٹائل
ڈائننگ روم میں لکڑی اور شیشے کے امتزا ج سےبنا ٹیبل انیسویں صدی کی یاد دلاتاہے۔ جس کے اردگرد اینٹیک کرسیاں پیرس کے لائف اسٹائل کو اجاگر کرتی ہیں ۔ آپ کو کھانا کھانے کا نہ صرف لطف آئے گا بلکہ آپ اپنے ذوق کو خود داد دیں گے۔
کلاک شو
داخلی راستے میں رکھا ہلکے نیلگوں اور گرے رنگ سے بنا پینڈولم کلاک اور مرکز میں لگا سویڈش فانوس ایک عمدہ امتزاج بناتا ہے۔ نیلگوں پینڈولم کلاک سب کی توجہ اپنی جانب مرکوز کرلیتاہے، اگر اس قسم کا پینڈولم کلاک مل جائے تو آپ خوش قسمت ہوںگے۔