• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

امریکا ،بھارت اسٹریٹجک الائنس پاکستان کے کہنے سے تبدیل نہیں ہوسکتا،شاہ محمود قریشی

نیویارک (عظیم ایم میاں /اے پی پی ) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ حکومتوں کی ترجیحات بدلتی رہتی ہیں، ہمیں مشکل حالات سے نمٹنا ہے، امریکا بھارت اسٹرٹیجک الائنس پاکستان کے کہنے سےتبدیل نہیں ہوسکتا ۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے جیو نیوز سے خصوصی بات کرتے ہوئے کیا جبکہ وزیر خارجہ نے برطانوی ، سعودی ، اومانی ہم مناصب اور یورپی نمائندہ سے علیحدہ علیحدہ ملاقاتیں کیں اور ٹی بی سے متعلق ایک اجلاس میں پاکستان سے 2030ء تک ٹی بی کے خاتمے کا عزم کیا ۔ تفصیلات کے مطابق جیو نیوز سے خصوصی بات چیت کرتے ہوئے وزیر خارجہ نے کہا کہ ہمیں اپنے مفادا ت کا خیال رکھتے ہوئے آگے بڑھنا ہے، حکومتوں کی ترجیحا ت بدلتی رہتی ہیں، ہمیں مشکل حالات سے نمٹنا ہے، امریکا ہمارے کہنے سے بھارت سے اسٹرٹیجک الائنس میں نظرثانی نہیں کرے گا، پچھلے دنوں میں امریکا کی جانب سے سخت بیانات سامنے آئے، کوشش کریں گے کہ امریکا کو زمینی حقائق اور اپنے تعاون سےمتعلق آگاہ کریں۔ افغانستان میں امریکا کے مفادا ت ہیں، وہاں انکا جانی و مالی نقصان ہوا ، افغانستان کی موجودہ صورتحال امریکا کے داخلی سیاست پر اثر انداز ہے، ہم چاہتے ہیں کہ افغانستان میں امن، استحکام، ترقی اور خوشحالی آئے، پاکستان کی خوشحالی افغانستان کی خوشحالی سےجڑی ہوئی ہے۔ علاوہ ازیں اقوام متحدہ میں ٹی بی کی روک تھام سے متعلق اعلیٰ سطح کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر خارجہ نے ٹی بی کے خاتمہ کے لئے عالمی ادارہ صحت کی کوششوں کو سراہا۔ انہوں نے پائیدار اقتصادی اہداف کے حصول کا پختہ عزم کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان 2030ءتک ٹی بی کے موذی مرض کے مکمل خاتمہ کے لئے پرعزم ہے۔
تازہ ترین