• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

گھر بنانے سے پہلے دماغ میں صرف اس کا تصورہی موجود ہوتاہے، لیکن اسے کاغذ پر اتارنا کوئی آسان کام نہیں۔ چونکہ یہ بنیادی کام ہے، اسی لیے نقشہ سازی میں کسی قسم کی کوتاہی یا لاپرواہی گھر کا نقشہ بگاڑ سکتی ہے۔ کمپیوٹر کے اس دور میں نقشہ سازی کے لیے بھی کئی سوفٹ ویئرز متعار ف کرائے جاچکے ہیں، جن میں آپ اپنے مکان کی ڈائمنشنز ڈال کر تھری ڈی جائزہ لے سکتے ہیں۔ قارئین کی سہولت کے لیے ہم نقشہ سازی کے چند سوفٹ ویئرز کا ذکر کررہے ہیں۔

پلانر فائیو ڈی

جیسا کہ نام سے ہی ظاہر ہے کہ یہ سوفٹ ویئرگھر کی پلاننگ کیلئے ہے۔ پلانر فائیو ڈی (Planner 5D)وہ سافٹ ویئر ہے جو کہ اس سلسلے میں آپ کی مکمل رہنمائی کرسکتا ہے۔ یہ صرف ڈیسک ٹاپ پروگرام ہی نہیں بلکہ ایپلی کیشن کی صورت میں اسمارٹ فون پر بھی دستیاب ہے۔ اس کی مدد سے آپ بآسانی فرش کی اسٹائلنگ اور انٹیریئر ڈیزائننگ خوبصورت انداز میں کر سکتے ہیں۔ اس کی گیلری میں پہلے سے موجود خوبصورت ڈیزائن اور فرنیچر آپ اپنے کام میں لاسکتے ہیں۔ اس کے علاوہ، اس میں تیار کیا جانے والا کام آپ اپنے دوستوں سے شیئر کر کے ان کی رائے بھی حاصل کر سکتے ہیں۔

ہوم اسٹائلر

اس کو ڈائون لوڈ کرنے کی ضرورت نہیں، اس کی ویب سائٹ پر جاکر ایک سوفٹ ویئر کی طرح آپ اپنے گھر کے نقشے کو اپنی مرضی کے مطابق ڈیزائن کرکے اس کا پرنٹ نکال سکتے ہیں۔ یوز ر فرینڈلی ہونے کے باعث اس کو استعمال کرنے میں کوئی مسئلہ درپیش نہیں ہوتا۔ ہوم اسٹائلر کے نام سے ہی ظاہر ہے کہ یہ گھر بنانے کے مختلف اسٹائلز کا ایک پلیٹ فارم مہیا کرتاہے۔ اس میں پیمائش ، کمروں کی حد بندی اور لے آئوٹ وغیرہ کے لیے ٹولز موجود ہیں۔ ایک بار آپ گھر کا نقشہ تیار کرلیں تو اس کو مختلف زاویے سے دیکھ بھی سکتے ہیں اور اگر کوئی ترمیم کرنا چاہیں توبآسانی کرسکتے ہیں۔ اس کے علاوہ آسانی کیلئے آپ پروجیکٹ ٹیمپلیٹ بھی دیکھ سکتے ہیں، جس سے آپ کو سوچ بچار کرنے میں سہولت ہوتی ہے۔ اس ویب سائٹ پر آپ اپنے خوابوں کا گھر تھری ڈی انوائرمنٹ میں ڈیزائن کرسکتے ہیں۔

اسمارٹ ڈرائیو

ضروری نہیں کہ آپ نے اپنے گھر کا نقشہ ہی ڈیزائن کرنا ہو۔ اگر آپ انجینئرنگ کے طالبعلم ہیں تب بھی یہ ویب سائٹ آپ کیلئے دلچسپی کا بہت سا سامان لیے ہوئے ہے۔ اس ویب سائٹ میں بہت کارآمد ٹولز ہیں، جیسے کہ فلو رپلان کیسے ڈرا کیا جائے، فلورپلاننگ کی اسکیلنگ کیسے کی جائے، اس کے علاوہ دیگر مشورے اور بہت سارے نمونے بھی اس میں موجود ہیں۔ اسمارٹ ڈرائیو کے ساتھ آپ70سےزائد مختلف قسم کے ڈائی گرام ، چارٹس اور ویژول تخلیق کرسکتے ہیں۔

اسکیچ اپ

3D نقشہ نویسی اور آلات سازی کے لیے اسکیچ اپ ایک معروف سافٹ ویئر ہے، جس کا فری ورژن SketchUp Make کے نام سے دستیاب ہے۔ اسکیچ اپ کا استعمال بہت آسان ہے اور اس کی مدد سے عمارتوں، آلات اور فرنیچر وغیرہ کے اسکیچز بہت کم وقت میں تیار کیے جا سکتے ہیں۔ اس ٹیوٹوریل میں اسکیچ اپ کے زیادہ استعمال ہونے والے چند ٹولز کو استعمال کرنے کا طریقہ بتایا گیا ہے۔ مثلاً Push/Pull ٹول، جس کی مد سے 2D آبجیکٹ کو 3D آبجیکٹ کی شکل دی جا سکتی ہے۔ Orbit ٹول، جسے استعمال کرتے ہوئے بنائے گئے اسکیچز کو مختلف زاویوں سے دیکھا جا سکتا ہے۔ اسے آپ ویب سائٹ سے بھی ڈاؤن لوڈ کر سکتے ہیں لیکن اس کے لیے آپ کو معلوماتی فارم بھرنا پڑے گا۔

روم اسکیچر

کیا کبھی آپ کے دل میں یہ خواہش جاگی کہ آپ اپنے گھر کا نقشہ خود تیار کریں؟ مکمل فلور پلان آپ کی مرضی کا ہو؟ اس سے پہلے اگر آپ نے کبھی یہ کوشش کی ہے تو یقیناًاس کے لیے کئی تھری ڈی سافٹ ویئر آپ استعمال کر چکے ہوں گے۔ لیکن روم اسکیچراس سلسلے میں آپ کی مکمل رہنمائی کرسکتا ہے۔ اس سافٹ ویئر کی مدد سے آپ فلور پلان اور انٹیریئر ڈیزائننگ بآسانی اور خوبصورت انداز سے کر سکتے ہیں۔ اس کی گیلری میں پہلے سے موجود خوبصورت ڈیزائن اور فرنیچر کو آپ اپنی مرضی کے مطابق سیٹ کرکے تھری ڈی ویو کرسکتے ہیں۔ یہ سافٹ ویئر فری دستیاب ہے۔

تازہ ترین