• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اسٹریٹ کرائم اور بچوں کا اغوا،جیو کی خصوصی نشریات آج دیکھیں

کراچی (محمد ناصر) کراچی میں بھتہ خوری کے واقعات اور اسٹریٹ کرائم کی وارداتیں کیوں بڑھ گئیں، بچوں کے اغوا کا معاملہ دِن بدن کیوں بڑھتا جارہا ہے ، اس جرم کے پیچھے کیا عزائم ہیں۔ ننھی امل کے افسوسناک واقعے کے بعد بطور قوم ہم نے کیا سیکھا ۔ کیا کراچی شہر کی اندھیری سڑکیں مجرموں کیلئے جنت بن گئی ہیں جو ہمارے نمائندوں کی نظروں سے اوجھل ہیں۔ شہر کا ہر دوسرا گھر آخر کیوں کسی نہ کسی جرم کا شکار بن چکا ہے۔ پڑھے لکھے لوگوں کے شہر کو جرائم سے پاک کرنے کیلئے کن لوگوں کو بیڑہ اُٹھانا پڑے گا۔ کیا کراچی سے اسٹریٹ کرائم کا مکمل خاتمہ ممکن ہے۔ کیا ہماری ریاست مظلوموں کو انصاف دے پائے گی، جرائم کے جن پر کون قابو پائے گا۔ قانون نافذ کرنے والے ادارے اِن تمام معاملات کو اپنی ترجیحات میں کہاں رکھتے ہیں۔ روشنیوں کے شہر میں رونقیں کب بحال ہوں گی، کیا جرائم میں ملوث اہلکاروں کو معطل کردینا ہی کافی ہے، سیف سٹی منصوبہ کراچی کی اہم اور فوری ضرورت ہے لیکن عملدرآمد کیوں نہیں ہورہا؟۔ اِن تمام سوالوں کے جواب تلاش کرنے کیلئے ”جیونیوز“ پر اتوار کو خصوصی نشریات پیش کی جائیں گی۔ ”جینے دو کراچی کو“ کے عنوان سے ترتیب دی گئی ٹرانسمیشن کا آغاز دوپہر ایک بجے سے ہوگا۔ ٹرانسمیشن کے دوران شہر میں جرائم کے خاتمے کیلئے پولیس، سیاسی قیادت اور سول سوسائٹی کے کردار پر بھی اہم گفتگو ہوگی۔ اس نشریات میں کراچی کی سیاسی قیادت، سول سوسائٹی اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہم نمائندے شرکت کریں گے۔ سینئر اینکر محمد جنید کی میزبانی میں پیش کی جانے والی نشریات میں ایڈیشنل آئی جی پولیس امیر شیخ، جیونیوز کے بیورو چیف فہیم صدیقی، تحریک انصاف کے رہنما نجیب ہارون، ایم کیو ایم کے فیصل سبزواری، سابق چیف سی پی ایل سی جمیل یوسف، سماجی کارکن جبران ناصر اور سینئر صحافی مظہر عباس اپنے خیالات کا اظہار کریں گے اور کراچی میں بڑھتے ہوئے جرائم کے خاتمے کے حوالے سے مختلف تجاویز پر غور کریں گے۔

تازہ ترین