• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وردی میں بندہ مارنے والوں سے حساب کیلئے اللہ نےعہدہ دیا، چیف جسٹس

لاہور(نمائندہ جنگ، مانیٹرنگ سیل) چیف جسٹس میاں ثاقب نثار کا کہنا ہے کہ اللہ نے مجھے وردی میں بندے مارنے والوں کاحساب لینےکیلئے عہدہ دیا۔ سپریم کورٹ نے سابق سی سی پی او امین وینس اور سابق ایس پی سی آئی اے عمر ورک کے خلاف پنجائیت لگا کر فیصلے کرنے کے الزام کی انکوائری کا حکم دیدیا۔ سپریم کورٹ لاہور رجسٹری میں اکبری اسٹور کی اراضی اونے پونے داموں فروخت کرنے کے خلاف کیس کی سماعت ہوئی۔ چیف جسٹس پاکستان میاں ثاقب نثار کی سربراہی میں 2رکنی بینچ نے کی سماعت کی۔ چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ مالدار شخص مرا تو سارے مامے چاچے اور کزن بن کر مال کھانے کیلئے گدھ بن گئے کیا یہ انصاف ہو رہا ہے؟ اس ملک میں جسکے ہاتھ جو آیا لوٹ کے کھا گیا۔چیف جسٹس نے چیف انجینئرسے پوچھا کہ بتائیں کون کون سی عمارتوں سے اتنا پیسہ کمایا ؟چیف جسٹس نے سابق ایس پی سی آئی اے عمر ورک کو مخاطب کرتے ہوئے ریمارکس دیئے کہ لوگ کہتے ہیں عمر ورک بندے مار دیتا ہے، شہر کے ہر بڑے تنازع میں عمر ورک کا ہی نام کیوں آتا ہے؟ آپ ابھی تک میری ڈکیتی کا ملزم تو پکڑ نہیں سکے، مجھے معلوم ہے آپ کن وجوہات کی بنا پر اس مقام تک پہنچے۔ عمرورک نے عدالت کو بتایا کہ اکبری اسٹور میں سی سی پی او امین وینس کے کہنے پر مداخلت کی جبکہ نجی ٹی وی کے مطابق عدالت نے سابق سی سی پی او امین وینس اور عمر ورک کیخلاف انکوائری کا حکم دیتے ہوئے دونوں کو انکوائری تک معطل کردیا۔ عدالت نے اکبری اسٹور کی اراضی اونے پونے داموں فروخت کرنے کے معاملے پر اکبری اسٹورز کی 4 برانچوں اور اسٹور کے شئیر ہولڈر سابق چیف انجینئر شوکت شاہین ودیگر کے اثاثوں کا ریکارڈ طلب کرتے ہوئے مقدمے کی سماعت ملتوی کردی۔
تازہ ترین