• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

حب ڈیم خشک، مختلف علاقوں میں پانی کا ناغہ سسٹم نافذ

کراچی(طاہرعزیز/ اسٹاف رپورٹر) حب ڈیم خشک اور کر اچی کو 10کروڑ گیلن پانی کی سپلائی بند ہونے کے بعد منسلک علاقوں میں ناغہ سسٹم نافذ کر دیا گیا جبکہ ڈیم سے پمپوں کے ذریعے سپلائی پر غور شروع کردیاگیا تفصیلات کے مطابق حب ڈیم کے مکمل خشک ہونے کے بعد چندروزقبل کراچی کو پانی کی سپلائی مکمل طور پر بندہوچکی ہے حب ڈیم سے منسلک علاقوں اورنگی، بلدیہ، سائٹ، سائٹ لمیٹڈ، سرجانی وغیرہ کے علاقوں میں کراچی واٹراینڈسیوریج بورڈنے ناغہ سسٹم نافذ کردیا ہے واٹربورڈ کے ذمہ دار ذرائع نے بتایاکہ پہلے جن علاقوں میں پانی ایک روز چھوڑ کر سپلائی ہوتاتھااب وہاں دو دن کا ناغہ ہواکرے گا اسی طرح بلدیہ ٹاؤن میں جہاں پہلے ہفتہ اور دس روزبعد پانی فراہم کیا جاتا تھا اس ناغے میں مزید اضافہ کردیاگیا ہے،کئی دیگر علاقوں میں بھی ناغہ سسٹم نافذ کر دیا گیا ہے مذکورہ علاقوں میں پانی کی قلت شروع ہوگئی ہے واٹربورڈ جس کا دعویٰ ہے کہ دریائے سندھ سے آنے والے پانی کی مذکورہ علاقوں میں سپلائی شروع کردی گئی ہے لیکن اس کی مقدار کم ہونے کے باعث ان علاقوں کے لوگوں کی مشکلات بڑھنا شروع ہوگئی ہیں واٹربورڈ نے موسم گرما میں اچانک طلب میں ہونے والے اضافے کو مدنظر رکھتے ہوئے حب ڈیم پر ہیوی پمپ نصب کرکے پانی سپلائی کرنے کی منصوبہ بندی شروع کردی ہے واٹربورڈ کو اس کام کے لیے ہیوی ڈیزل پمپ درکار ہوں گے اور کروڑوں روپے ڈیزل پر خرچ ہوں گے حب ڈیم سے جو نہرکراچی کے لیے نکلتی ہے وہاں بجلی نہیں ہے لہذا صرف ڈیزل جنریٹر پر مکمل انحصار کرنا ہوگا واضح رہے کہ اس سے قبل واٹربورڈ نے کبھی بھی پمپوں سے پانی حاصل نہیں کیا ہے گرمیوں کی صورتحال کے پیش نظر واٹربورڈ کے اعلیٰ حکام پریشان ہیں کیونکہ دریائے سندھ سے کینجھرجھیل کے ذریعے شہر کو سپلائی کئے جانے والے پانی کے 550ایم جی ڈی کوٹے میں مزید اضافہ ناممکن ہے سسٹم اس قابل نہیں ہے کہ دریائے سندھ سے مزید پانی لیا جا سکے اس طرح حب ڈیم سے 10کروڑ گیلن یومیہ کی سپلائی بند ہونے کا اثرپورے شہر پر پڑے گا۔
تازہ ترین