مسلم لیگ ن کے رہنما حمزہ شہباز نے کہا ہے کہ نیازی صاحب کا نعرہ اور مینڈیٹ جعلی ہے جہاں سے آئے ہیں وہیں واپس جائیں گے، شاہد خاقان عباسی کہتے ہیں 14 اکتوبر کو یہ پیغام دینا ہے کہ ہم اصولوں کی سیاست کے ساتھ ہیں۔
این اے 124 میں نسبت روڈ پر ضمنی الیکشن کی انتخابی مہم سےخطاب میں حمزہ شہباز نے کہاکہ ہندوستان کا میڈیا دکھا رہا ہے کہ پاکستان کا وزیر اعظم ملک چلانے کے لئے بھینسوں کو بیچ رہا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستانی قوم نے نیازی صاحب کو بھی دیکھ لیا اور پچپن روپے ہیلی کاپٹر کے کرائے کو بھی ، نیازی صاحب جو مرضی کرلیں ہم دھاندلی کی پٹاری سے پردہ اٹھا کر رہیں گے۔
حمزہ شہباز نے کہا کہ 122 ارب روپے سے دیا میر بھاشا ڈیم کی زمین نواز شریف حکومت نے خریدی،نواز شریف ہی دوبارہ آکر دیامیر بھاشا ڈیم بنائیں گے، اللہ کا فیصلہ آئے گا اور جعلی مینڈیٹ ہمیشہ کے لیے دفن ہوجائے گا۔
این اے 124 سے ن لیگ کے امیدواراور سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے کہاکہ نا اہل حکومت کی وجہ سے ایک مہینہ میں مہنگائی کا سیلاب آگیا ۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ یہ حکومت رہی تو ملک میں بدترین معاشی حالات اور مہنگائی کا طوفان آئے گا،آپ نے پیغام دینا ہے کہ ہم نواز شریف کی سیاست کے ساتھ ہیں اور 14 اکتوبر کو ووٹ کے ڈاکووں کو بے نقاب کریں گے۔