احتساب عدالت نے آمدن سے زائد اثاثوں کے ریفرنس میں اشتہاری ملزم سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی بحق سرکار ضبط کی گئی جائیداد کی نیلامی کے لیے نیب کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کر لیا ہے جو کل سنایا جائے گا۔
احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے آمدن سے زائد اثاثے بنانے کے ریفرنس میں اشتہاری ملزم اسحاق ڈار کی قرق کی گئی جائیداد نیلام کرنے کی درخواست پر سماعت کی۔
نیب کے اسپیشل پراسیکیوٹر عمران شفیق نے مؤقف اختیار کیا کہ عدالت کو ریفرنس میں مفرور اور اشتہاری قرار دیے جانے والے ملزم کی جائیداد نیلامی کا حکم دینے کا اختیار ہے۔
ملزم جائیداد ضبطگی کے بعد 6ماہ تک عدالت سے رجوع کر سکتا ہے، اس عرصے کے دوران اعتراض نہ آئے تو وہ جائیداد فروخت کی جا سکتی ہے لہٰذا عدالت احکامات جاری کرے۔
عدالت نے دلائل سننے کے بعد فیصلہ محفوظ کر لیا جو منگل کو سنایا جائے گا۔