مسلم لیگ ن کی رہنما مریم اورنگزیب نےکہا ہے کہ ہم پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کی چیئرمین شپ کےلیے اپوزیشن کا حق چھیننے نہیں دیں گے، سادگی کے پیکر وزیراعظم کے بارے میں توقع تھی اونٹ پر سعودی عرب جائیں گے۔
قومی اسمبلی میں مریم اورنگزیب کے خطاب کے دوران حکومتی اراکین کے شور پر انہوں نے کہاکہ آپ کی ہی بات ہورہی ہے جو کچھ آپ کررہے ہیں،ایک موقع پر اسپیکر نے ان کا مائیک بند کردیا جو اپوزیشن لیڈر کے کہنے پر دوبارہ کھولا گیا۔
ن لیگی رہنما کا کہناتھاکہ سوال یہ نہیں کہ جیتا کون ہارا کون، سوال یہ ہے کہ کوئی باوقارکتنا تھا،مداری کی ٹوپی سے وہی نکلا جو صبح ہونے پر نکلتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس ملک کے ستر فی صد منصوبوں پر نوازشریف کی مہر ہے، کہا جارہا تھاکہ کوئی انقلاب آنے والا ہے، ویراعظم ، گورنر ہاوسز اور دیگر سرکاری ادروں کےاخراجات ختم کرنے کااعلان کیاگیا۔
انہوں نے کہاکہ لگتا تھا کہ بچت کی رقم اور فنڈز تعلیم ، صحت اور بنیادی سہولیات کےمنصوبوں پر خرچ ہوگی، سی پیک سمیت کئی اہم منصوبوں کی گرانٹس ختم کردی گئیں۔
مریم اورنگزیب نے کہا کہ عوام وزیراعظم اور وزراء ےاعلیٰ کی جھونپڑیوں کی تلاش میں ہیں،دس دن کی حکومت میں ہر جمعہ کو ایک نیا تماشہ ہوتا ہے،یہ حکومت ہے کہ انکل سرگم کا پتلی تماشا؟
ن لیگی رہنما کا کہناتھاکہ ادب سے عاری اور گالی کی عادی حکومت قومی کلچر کو کیا جانے، ہم نے تو 5سال یہاں گالیاں سنیں ،ہم نے تو حقائق سامنے رکھے ہیں اب برداشت سے سنیں۔