لاہور( رائٹرز،نمائندہ جنگ،مانیٹرنگ سیل) وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نےکہا ہےکہ سی پیک سے 2ارب ڈالرزکے ریلوے منصوبے ختم کردیے گئے ہیں، قلیوں کی وردی بحال،فلاحی ادارے مفت کھانا دینگے، کسی افسر کو غفلت پر معاف نہیں کیا جائیگا۔ پیر کو وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سلک روڈ کے کراچی سے پشاور تک ریلوے لائن سے متعلق میگا منصوبے میں2ارب ڈالرز کی کمی کی گئی ہے ، پہلے یہ منصوبہ8.2ارب ڈالرز کا تھا اب یہ 6.2ارب ڈالرز پر آگیا ہے اور کوشش ہے کہ مستقبل میں اسے4.2ارب ڈالرز تک لایا جاسکے، پاکستان ایک غریب ملک ہے جو اتنے بڑے قرضےبرداشت نہیں کرسکتا،میں سی پیک کا سب سے بڑا حامی ہوں۔