اسلام آباد(نمائندہ جنگ) جوڈیشل کمیشن آف پاکستان نے لاہور ہائیکورٹ کے چیف جسٹس مسٹر جسٹس محمد یاور علی کی ریٹائرمنٹ کے بعد سینئر ترین جج ،جسٹس محمد انوار الحق کو نیا چیف جسٹس، 6 ایڈیشنل ججوں کو مستقل کرنے جبکہ7 نئے ا یڈیشنل ججوں کی ایک ایک سال کے لئے تقرری کی سفارش کردی ہے۔ ذرائع کے مطابق منگل کے روز چیف جسٹس/کمیشن کے چیئرمین ،میاں ثاقب نثار کی زیر صدارت جوڈیشل کمیشن کا اجلاس منعقد ہوا جس میں لاہور ہائیکورٹ کے چیف جسٹس مسٹر جسٹس محمد یاور علی کی 22اکتوبر 2018کوریٹائرمنٹ کے بعد سینئر ترین جج ،جسٹس محمد انوار الحق کو نیا چیف جسٹس مقرر کرنے کے ساتھ ساتھ لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس مجاہد مستقیم احمد، جسٹس اسجد جاوید ، جسٹس طارق سلیم شیخ ،جسٹس جواد حسن، جسٹس مزمل اختر شبیر اور جسٹس چودھری عبدالعزیز کو مستقل کرنے کی سفارش کی گئی جبکہ شکیل الرحمان، عاصم حفیظ،رسل حسن سید، انوارالحق پنوں ، چوہدری محمد وحید خان،احمد رضا، محمد خرم اور فاروق حیدرکوایک سال کے لئے بطور ایڈیشل جج مقرر کرنے کی سفارش بھی کی گئی۔ یہ سفارشات پارلیمانی کمیٹی برائے ججز کو بھجوائی جائیں گی۔