• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کچھ عرصہ قبل ہم اپنی تحریر کے ذریعے قارئین کو ٹاپ گارڈن ٹرینڈ سے متعلق معلومات فراہم کرچکے ہیں، جس میں ہم نے ورٹیکل گارڈن (عمومی باغ) آئیڈیاز کو مختصر طور پر بیان کیا تھا۔ لازمی نہیں کہ بڑے گھر کے مکین ہی اس ٹرینڈ کو اپنائیں، چھوٹے سے چھوٹے گھر میں بھی تھوڑی سی مہارت اورسمجھداری کے ساتھ ورٹیکل گارڈن بنانے کا خواب پورا کیا جاسکتا ہے۔

ورٹیکل گارڈن یا عمودی باغ ایک ایسا تصورہے، جو پاکستان سمیت دنیا بھر کے ممالک میں تیزی سے فروغ پارہا ہے۔ میکسیکو اور چین ان ممالک میں سب سے آگے ہیں، جو گزشتہ برس سے عمودی جنگل یا پھر پل پر عمودی باغ کی تعمیر پر کام کررہے ہیں ۔لیکن آپ اس ٹرینڈ کو اپنے گھر میں کیسے اپنا سکتے ہیں، اس کے لیے مندرجہ ذیل تجاویز پر عمل کیا جاسکتا ہے لیکن اس سے قبل عمودی باغبانی کا مختصر تعارف ضروری۔

ورٹیکل گارڈن کیا ہیں ؟

یہ ایک ایسا ٹرینڈ ہے، جس میںباغبانی کے لیے زمین کے بجائے دیواروں کو منتخب کیا جاتا ہے۔ منتخب کردہ دیوار سے ذرا فاصلے پر مختلف سہاروں کے ذریعہ پودے اگائے جاتے ہیں، جو نشوونما پا کر دیوار کو ڈھانپ لیتے ہیں۔یہ تصور نہ صرف خوبصورت اور منفرد ٹرینڈ ہے بلکہ صحت کے لیے فائدہ مند اور آلودگی سے بچاؤ کا ذریعہ بھی ہے۔

عمودی پلانٹر

کیا آپ بھی گھر میں سبزیاں اگانے کے شوقین ہیں؟ اگر ہاں تو عمودی پلانٹر پروجیکٹ آپ کے لیے ہی ہے۔ گھر کی بیرونی دیوار کو عمودی پلانٹر لگانے کے لیے منتخب کریں اور دیوار سے ذرا فاصلے پر کاریگر کی خدمات حاصل کرتے ہوئے لکڑی کا پلانٹر بنوائیں۔ یہ پلانٹر چھوٹے گھروں میں رہنے والے مکینوں کے لیے بہترین ہے، جو باغبانی کا شوق رکھتے ہیں۔ یہ پلانٹر گھر کے اگلے اور پچھلے دونوں حصوں میں بھی تعمیر کروائے جاتے ہیں، جس کامقصد پلانٹر کے دونوں اطراف کو باغبانی کے لیے مختص کرنا ہوتا ہے۔

عمودی باغ والی دیوار

اگر آپ ان ڈور پلانٹس کے شوقین ہیں تو لیونگ روم کی ایک دیوار کو ورٹیکل گارڈننگ کے لیے مختص کریں، اس دیوار پر ہلکے رنگ کا رنگ و روغن کروائیں اور پوری دیوارپرتھوڑے تھوڑے فاصلے سے لکڑی کے پینل نصب کروائیں۔ لکڑی کے لیے گہرے رنگوں کا انتخاب کریں ان پینلز پر گملے یا پھر جار کے ذریعے ان ڈور پلانٹس نصب کریں۔ بس یہ خیال کریں کہ ایسے پودے ہرگز نہ لگائیں، جو ان پر بوجھ بن جائیں یا اُن کے لیے بہت زیادہ مٹی کی ضرورت ہو۔ ایک طرف یہ سستا آئیڈیا ہے تو دوسری طرف خوبصورت اور منفرد بھی ۔

داخلی دیوار پر عمودی باغبانی

ہم اپنی تحریروں میں داخلی حصے کو متاثر کن بنانے سے متعلق نت نئے آئیڈیاز قارئین کے ساتھ شیئر کرتے رہتے ہیں تو کیوں نہ گھر کی داخلی راہداری والی دیوار پر ورٹیکل گارڈننگ کا خواب پورا کیا جائے۔ جی ہاں !گھر کا یہ حصہ بھی ورٹیکل گارڈننگ کے لیے ایک بہترین آئیڈیا ثابت ہوسکتا ہے۔ اس دیوار کے چاروں اطراف لکڑی یا اسٹین لیس اسٹیل سے مستطیل طرز کا خاکہ بنوائیں۔ اس کو تمام قسم کے ہرے پودوں سے مکمل طور پر بھردیں، ذرہ برابر بھی جگہ خالی نہ چھوڑیں اور پھر دیکھیں کہ مہمان کیسے گھر میں داخل ہونے سے پہلے آپ کے جمالیاتی ذوق کی تعریف کرتے ہیں۔

بیرونی دیوار اور عمودی باغبانی

اگر آپ کے گھر کے باہر ایسی جگہ موجود ہے، جس پر چھت نہیں ہے تو آپ اس میں پودے اُگا سکتے ہیں۔ عمودی طرز کا باغیچہ بیرونی حصے کے لیے بہترین انتخاب ہے کیونکہ یہ جگہ کم گھیرتا ہے اور دیکھ بھال میں بھی آسان ہے۔اس کے علاوہ اس انتخاب کے لیے معمول سے ہٹ کر درمیان میں پارٹیشن کریں اور اسے ایک ہی قسم کے لیے مختص کریں۔ دیوار کے لیے فلور لائٹنگ کا انتخاب کریں، یقیناً یہ تمام آئیڈیاز بیرونی حصے میں ایک بہترین جگہ ترتیب دینے میں مددگار ثابت ہوں گے ۔

عمودی پکچر فریم پلانٹر

گھروں کے اندر فریم میں لگی تصویریں تو آپ نے دیکھی ہی ہوں گی، آپ اپنی دیواروں کے لیےکچھ منفرد منتخب کریں۔ لیکن یہ فریم لکڑی سے بنوائیں اور دیوار پر ایک یا دو پلانٹرنصب کر کے ان میں باغبانی کا شوق پورا کریں۔

عمودی جگہوں کا سمجھداری سے استعمال

ماہرین کا کہنا ہے کہ باغ چھوٹا ہو یا بڑا، اس میں عمودی جگہیں ضرور ہونی چاہئیں ۔ اگرآپ اوپر کی طرف پودے لگانا شروع کریں تو پھر آپ کو وافر مقدار میں جگہ ہی جگہ دستیاب ہوگی۔ لمبی سبزخوردنی پھلیوں اورلمبے عمودی ڈنڈوں کی مدد سے بیلوں کو اوپر تک چڑھایا جا سکتا ہےاورپیداوار کوکئی گُنا بڑھایاجاسکتا ہے۔ ایک عمودی باغ آپ کو اُونچائی پرچڑھ کر کام کرنے کی وجہ دے گا۔ اس باغ کے ذریعے آپ اپنی سطح ِ نظر پر بھی کام کرسکیں گےاور کمردرد سے بچے رہیں گے۔

تازہ ترین