• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بالکنی گھر کا وہ حصہ جہاں آپ باہر کے موسم سے لطف اندوز ہوسکتے ہیں۔ گھر کا یہ حصہ چونکہ کھلا ہوا ہوتا ہے اس لیے اس کی سجاوٹ یا صفائی دگنی اہمیت اختیار کرجاتی ہے۔ اورجب بات ہو اپارٹمنٹ بالکنی کی تو ڈیکوریشن کا عمل خاصا مشکل طلب ہوجاتا ہےکیونکہ اپارٹمنٹس میں بنائی جانے والی بالکنی کے لیے خاصی کم جگہ مختص کی جاتی ہے۔ اس کم جگہ میں سٹنگ ارینجمنٹ، گارڈننگ، حتیٰ کہ سلیقے کے ساتھ ڈیکوریشن کرنا اصل مہارت ہے۔ اگر آپ بھی اپنے اپارٹمنٹ یا گھر میں بالکنی کو خوبصورتی سے سجانے کیلئے منفرد آئیڈیاز کی تلاش میں ہیں تو آج کا مضمون آپ کی یہ مشکل آسان کرسکتا ہے۔

مکمل ہرا بھرا

اگر آپ قدرتی حسن سے لگاؤ رکھتے ہیں لیکن آپ کے پاس کوئی باقاعدہ لان یا باغ موجود نہیں ہے تو یقیناً پھول، پودےیا پھر ہرا رنگ آپ کو متاثر کرتا ہوگا۔ تو کیوں نہ گرین بالکنی سے متعلق کچھ سوچا جائے؟ اپنی بالکنی کے سادہ سے فرش کے لیے گرین کارپٹ کا انتخاب کیجیے یا اگر آپ کا بجٹ اجازت دے تو بالکنی کے فرش کے لیے مصنوعی گھاس کا انتخاب بھی کیا جاسکتا ہے۔ فلورنگ کے بعد مارکیٹ سے اپنی پسند کے پیش نظر مختلف قسم کے پودےلے آئیں اور انھیں بالکنی میں دائیں اور بائیں جانب تھوڑےتھوڑے فاصلے پر رکھ دیں۔ درمیان میں لکڑی کی کرسیاں اور چھوٹی سی میز رکھ کر موسم اور ارد گرد کے ماحول کا لطف اٹھایا جاسکتا ہے۔

بالکنی فرنیچر

اپارٹمنٹ کی بالکنی کے چھوٹے ہونے کا مطلب یہ نہیں کہ اس میں خوبصورتی نہیں لائی جا سکتی۔ یہ تو آپ کے ذوق پر منحصر ہے کہ آپ اس چھوٹی جگہ کو کتنی اچھی طرح سجا سکتے ہیں۔ اگر آپ اپنی بالکنی میں باغبانی کے ساتھ ساتھ سٹنگ ارینجمنٹ کے لیے کچھ جگہ چاہتے ہیں تو باغبانی کے لیے بالکنی کی ریلنگ اور کارنز سائیڈ کا انتخاب کیجیےجیسے کہ پھولوں والی بیل ریلنگ کے ساتھ باندھی جاسکتی ہے۔ اسی طرح بالکنی کے کونوں پر بڑے سائز کے گملے رکھ کردرمیانی حصہ بیٹھنے کے لیے مختص کیا جاسکتا ہے۔ فرنیچر سے متعلق اس بات کا خاص خیال رکھیں کہ فرنیچر زیادہ بڑے سائز کا نہ ہو اور نہ ہی یہ تعداد میں بہت زیادہ ہو کیونکہ جتنا زیادہ فرنیچر ہوگا بالکنی اتنی ہی تنگ نظر آئے گی۔

عمودی پلانٹر

اگر آپ باغبانی کا شوق پورا کرنا چاہتے ہیں مگر بالکنی میں کم جگہ کی وجہ سے پریشان ہیںتو اس کا ایک خوبصورت حل عمودی باغ(Vertical Gardening) ہے۔ بالکنی کی ایک دیوار کے ساتھ عمودی طرز پرخانے اور شیلف بنوائیں، ان شیلف میں کارنر یا ریلنگ سے زیادہ پھول اور پودے رکھے جاسکتے ہیں۔ دوسری صورت میں لوہے سے تیار کیا گیا اسٹینڈ لگا کر اس پر پودے لٹکائے جاسکتے ہیں۔ اگر آپ پودوں میں اضافہ کرنا چاہتے ہیں تو اس کے لیے بڑے گملوں کے بجائےچھوٹے گملے، گلدان یا کنارے پر بنی چھوٹی چھوٹی کیاریاں استعمال کریں۔

ڈیکوریشن لائٹس

روشنی کا انتظام وانصرام گھر کے بیرونی حصوں کے لیے بے حد ضروری ہے، جہاں یہ لائٹس تاریکی میں بیرونی حصہ روشن کرتی ہیں، وہیں اس حصے کی خوبصورتی میں اضافہ بھی کرتی ہیں۔ آپ اپنے گھر کی بالکنی میں روشنی کا انتظام کچھ نئے انداز میں کیجیے۔

٭ بالکنی کو خوبصورت فانوس کی مدد سے روشن کیا جاسکتا ہے لیکن کوشش کریں کہ فانوس ایسے لگایا جائے کہ یہ موسم کے اثرات سے محفوظ رہ سکے۔

٭ بالکنی میں لائٹنگ کے لیے ایک نیا ٹرینڈ ’فلور لائٹنگ‘ بھی ہے۔ بالکنی کے فرش کے ساتھ ہر تھوڑے فاصلے پر بلب نصب کیے جاتے ہیں، جو روشن ہونے کے بعد خاصاخوبصورت منظر پیش کرتے ہیں۔

سادہ لیکن جدید طرز

اگر آپ بالکنی کو سادہ مگر جدید طرز پر سجانے کے خواہشمند ہیں تو بالکنی کی ایک دیوار کو دیگر دیواروں سےمنفرد طرزپر تعمیر کروائیں مثلاً اس دیوار کو پتھر یا پھر کسی علیحدہ مواد سے تعمیر کروائیں۔ اگر یہ دیوار پہلے سے تعمیر شدہ ہو تو اس کا رنگ وروغن تبدیل کروادیں اور یہاں ایک صوفہ یا جھولا رکھ دیں۔ یہ جگہ ایک کپ کافی یا کوئی کتاب پڑھنے کے لیے بہترین رہے گی۔ اس کے لیے آپ کو زیادہ خرچے کی بھی ضرورت نہیں، بس یہاں ہلکا پھلکا سا فرنیچر اور چند پودے رکھ دیں اور پھر اس ماحول سے لطف اندوز ہوں۔

تازہ ترین