کراچی،ہالہ(اسٹاف رپورٹر،نامہ نگار) امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ نیب اپنے کردار کو متنازع نہ بنائے ،کرپٹ عناصر کے خلاف نتیجہ خیز کارروائی کی جائے ، انتخابات میں دھاندلی ہو ئی اس میں کوئی دو آراءنہیں پی ٹی آئی کے سواتمام ہی سیاسی جماعتوں نے نتائج پر اپنے تحفظات کا اظہار کیا ہے حکومت نے پارلیمانی کمیشن بنایا ہے لیکن ایک وفاقی وزیر کی سربراہی میں یہ کمیشن کیسے غیر جانبدارانہ کارروائی کرے گا،گیس ، پیٹرول اور بجلی کی قیمتوں میں اضافہ سے مہنگائی کا طوفان آئے گا کشمیر پر وزیر خارجہ نے اقوام متحدہ میں دو ٹوک موقف پیش کیا تاہم حکومت عملی اقدامات بھی کرے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہالہ منصورہ میں میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہو ئے کیا اس موقع پر جماعت اسلامی پاکستان کے سکریٹری جنرل لیاقت بلوچ ، اظہر اقبال حسن ، ڈاکٹر معراج الہدیٰ صدیقی ، ممتاز سہتو،محمد حسین محنتی اور دیگر بھی موجود تھے۔سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ جماعت اسلامی غیر جانبدارانہ احتساب چاہتی ہے جن لوگوں نے سرکاری خزانہ لوٹا ، اقتدار میں ناجائز فائدے اٹھائے اور بنکوں سے قرضے معاف کرائے انہیں احتساب کے کٹہرے میں لانا چاہیئے۔انہوں نے کہاکہ حکومت دھاندلی کی تحقیقات کے لیے ادارہ بنانے کے لیے تیار ہو گئی ہے لیکن پارلیمانی تحقیقاتی کمیشن کا سربراہ حزب اختلاف سے ہو نا چاہیئے تھا لیکن حکومت نے ایک وفاقی وزیر کو اس کا سربراہ بناکر اس کے کردار کو مشکوک بنادیا ہے انہوں نے کہاکہ مدینہ کی ریاست بنانے کا تقاضا ہے کہ ملک سے سود کا فوری خاتمہ کیا جائے اور ریاست مدینہ کے زرین اصولوں کو اپنایا جائے ہم تعاون کریں گے۔