اسلام آباد ( این این آئی)امیرجماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے سینیٹ میں اسلامی جمہوریۂ پاکستان کے آئین میں ترمیم کا بل جمع کرا دیا ہے ،بل میں آئین پاکستان1973ء کے(آرٹیکل 5اور 6) میں ترامیم تجویز کی گئی ہیں۔جو’’آئین پاکستان (ترمیمی)بل 2016ء‘‘ کہلائے گا۔آئین کے آرٹیکل 5 میں ترمیم تجویز کرتے ہوئے کہاگیا ہے کہ دستور اور قانون کی اطاعت ریاست اور تمام ریاستی اداروں کی ذمہ داری ہے، اور دستور کی اطاعت آئین کی تمام شقات پر اس کی روح کیساتھ عملدرآمد کی شکل میں نظر آنی چاہیے۔ اس میں ناکامی دستور و قانون کی عدم اطاعت تصور ہوگی۔‘‘آئین کے آرٹیکل 6 میں ترمیم تجویز کرتے ہوئے کہا گیا ہے اگر کوئی شخص، ریاست یا ریاستی ادارے آئین کی دفعات پر عملدرآمد میں غفلت، لاپرواہی، عدم توجہی، اپنے فرائض کی عدم ادائیگی کا مظاہرہ کرے تو وہ بھی سنگین غداری کا مرتکب ہوگا۔