• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

افغانستان کے امور کے لیے امریکی نمائندہ خصوصی زلمے خلیل زاد پاکستان پہنچ گئے، وہ افغانستان کا دورہ کرنے کے بعد کابل سے اسلام آباد پہنچے ہیں۔

امریکی نمائندہ خصوصی زلمے خلیل زاد نے دفتر خارجہ میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے ملاقات کی، اس موقع پر پاکستان نے افغانستان میں قیام امن کے لیے امریکی کوششوں کا خیر مقدم کیا ہے۔

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اور امریکی نمائندہ برائے افغانستان زلمے خیل زاد کے درمیان ملاقات میں مستقبل میں تعاون جاری رکھنے پر اتفاق کیا گیا۔

وزیر خارجہ شاہ محمود کا کہنا تھا کہ پاکستان افغانستان میں قیام امن کے لیے امریکا کی کاوشوں کا خیر مقدم کرتا ہے، افغان تنازع کے حل کے لیے پاکستان اپنا بھرپور کردار ادا کررہا ہے اور کرتا رہے گا۔

دونوں ملکوں کے درمیان دفتر خارجہ میں وفود کی سطح کے مذاکرات بھی ہوئے جس میں پاکستانی وفد کی قیادت سیکریٹری خارجہ اور امریکی وفد کی سربراہی زلمے خلیل زاد نے کی۔

اس سے قبل امریکی نمائندہ خصوصی زلمے خلیل زاد کی سیکریٹری خارجہ تہمینہ جنجوعہ سے بھی ملاقات ہوئی۔

امریکا کے نمائندہ خصوصی زلمے خلیل زاد اپنے 10 روزہ دورے کے پہلے مرحلے میں افغانستان کا دورہ کر چکے ہیں، جہاں سے وہ آج اسلام آباد پہنچے ہیں، جس کے بعد وہ دوہا، متحدہ عرب امارات اور ریاض کا دورہ کریں گے۔

تازہ ترین