لاہور(نمائندہ جنگ) پنجاب حکومت نے لاہور ہائیکورٹ کے روبرو یقین دہانی کرائی ہے کہ سانحہ ماڈل ٹاؤن کی جوڈیشل انکوائری رپورٹ میں پیش کردہ سابق وزیر اعلیٰ شہباز شریف ،سابق صوبائی وزیر قانون رانا ثناء اللہ اور دیگر کے بیان حلفی کی نقول 24 اکتوبر تک عوامی تحریک کو فراہم کر دی جائیں گی ۔لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس مظاہر علی اکبر نقوی نے عوامی تحریک کے جواد حامد کی درخواست پر سماعت کی جس میں سانحہ ماڈل ٹاؤن کی جوڈیشل انکوائری میں سابق وزیر اعلیٰ ، سابق صوبائی وزیر قانون اور دیگر کے بیانات حلفی فراہم نہ کرنے کے اقدام کو چیلنج کیا گیا. درخواست گزار کے وکیل اظہر صدیق نے نشاندہی کی کہ پنجاب حکومت کو بیان حلفی کی نقول کے لیے کئی چٹھیاں لکھیں لیکن بے سود رہیں۔