آپ آف لائن ہیں
جنگ ای پیپر
بدھ7؍ صفر المظفّر1440ھ 17؍اکتوبر2018ء
Namaz Timing
  • بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیئرمین و ایگزیکٹوایڈیٹر: میر جاوید رحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

گھر کی تعمیر میں فلور پلان یا نقشہ کی اہمیت سے انکار ممکن نہیں۔ ہم سب کا خواب ہوتا ہے کہ ایک دن ہمارا اپنا گھر ہوگا۔ جب ہم اپنے گھر کی بات کرتے ہیں تو ہم اس کے اندر ہر چیز اپنی مرضی اور خواہش کے مطابق چاہتے ہیں۔ اس لیے ضروری ہے کہ گھر کی تعمیر کا آغاز کرنے سے پہلے، ہر چیز کے بارے میں آپ کی سوچ اور منصوبہ واضح ہونا چاہیے کہ آپ کیا چاہتے ہیں اور کیسے حاصل کریں گے؟ یہی وہ مرحلہ ہوتا ہے، جہاں ’فلور پلان‘ کا کردار شروع ہوجاتا ہے۔ دراصل، اپنا خوابوں کا گھر بنانے میں فلور پلان ہی بنیادی اور اولین سنگ میل ہوتا ہے، جس کی تیاری ناگزیر ہوتی ہے۔

فلور پلان کیا ہے؟ فلور پلان گھر کی تعمیر کے لیے اسکیل کیا گیا ایک خاکہ یا نقشہ ہوتا ہے، جس میں یہ واضح ہوتا ہے کہ آپ دستیاب جگہ میں کون سا کمرہ کس کونے میں اور کیسے تعمیر کریں گے؟ کمروں سے مراد بیڈ روم، لیونگ روم، کچن، ڈائننگ روم، اسٹور وغیرہ ہیں۔ فلور پلان میں فرنیچر، گھر کے آلات، اور ہر کمرے کا سائز بھی درج ہوتا ہے۔ جب یہ فلور پلان ایک کاغذ پر تیار ہوجاتا ہے تو آپ اس پر ایک نظر ڈال کر، گھر کے پورے نقشے کو اپنے ذہن میں رکھ کر تصور کرتے ہیں، جس سےتیار گھر کاخاکہ آپ کی نظروں کے سامنے اُبھر آتا ہے۔ آپ اپنی ضرورت کے مطابق، فلور پلان کو 2ڈی یا 3ڈی میں تیار کرواسکتے ہیں۔

فلور پلان کی اہمیت

گھر کی تعمیر کے لیے فلور پلان ایک بنیادی دستاویز کی حیثیت رکھتا ہے، جسے مدِنظر رکھ کر گھر ڈیزائن کیا جاتا ہے۔ گھر کی تعمیر میں، فلور پلان آپ کو اس کے ڈیزائن اور ضروریات کی مکمل اور ہر رُخ سے حقیقی تصویر پیش کرتا ہے۔فلور پلان کو دیکھ کر آپ پتہ لگا سکتے ہیں کہ تعمیر مکمل ہونے کے بعد، کس چیز کے لیے آپ کے پاس کتنی جگہ دستیاب ہوگی۔ فلور پلان دیکھ کر آپ کو یہ بھی پتہ چلتا ہے کہ آپ کا گھر اندر سے کیسا دِکھے گا۔ ایلیویشن ڈرائنگ، اسٹرکچرل ڈرائنگ، بلیو پرنٹ اور تعمیر کے تمام مراحل کی بنیاد فلور پلان ہی فراہم کرتا ہے۔ یہاں تک کہ، فِنشنگ کے تمام کاموں جیسے وائرنگ، پلمبنگ، پینٹنگ اور ٹائلنگ کے لیے بھی فلور پلان ہی کو بنیادی اہمیت حاصل ہوتی ہے۔

ایک بار جب فلور پلان تیار ہوجاتا ہے تو آپ اس کا جائزہ لے کر مطلوبہ تبدیلیاں لاسکتے ہیں۔ ڈیزائن میں اگر بروقت تبدیلیاں کردی جائیں تو بہت سارا وقت اور توانائی بچ جاتی ہے۔ ایک اور اہم بات، جب آپ کو گھر فروخت کرنا ہو تو اس وقت گھر کی تصاویر دِکھانے کے بجائے فلور پلان دکھائیں ، یہ خریدار کو گھر کی واضح شکل پیش کرنے میں زیادہ مددگار اور معاون ثابت ہوگا۔

قابلِ غور پہلو

فلور پلان، چونکہ گھر کی تعمیر کی بنیادی دستاویز ہوتی ہے، اس لیے اسے آپ کی توجہ کی ضرورت ہوتی ہے۔ فلور پلان بناتے وقت کئی پہلو قابلِ غور ہوتے ہیں، جن میں سے چند اہم درج ذیل ہیں:

بجٹ: فلور پلان ڈیزائن کرتے وقت بجٹ ایک ناگزیر پہلو ہے، جسے آپ کو مدِ نظر رکھنا ہوتا ہے۔ ہمیشہ تخمینہ کردہ بجٹ سے 15-20فیصد اضافی رقم کا بندوبست کرکے رکھیں، دورانِ تعمیر لاگت بڑھنے سمیت کئی اَن دیکھے خرچے سامنے آجاتے ہیں۔

سائز: فلور پلان تیار کرتے وقت آپ کو گھر کے سائز کو مدِ نظر رکھنا ہوتا ہے۔ آپ گھر کتنی منزلوں میں بنائیں گے، کتنے کمرے، کچن اور باتھ رومز کی آپ کو ضرورت ہے؟ اپنے خاندان کی مستقبل کی ضرورت کو بھی مدنظر رکھیں، تب ہی آپ بہتر فیصلے پر پہنچ پائیں گے۔ اگر آپ خاندان میں اضافے کا منصوبہ رکھتے ہیں تو آپ کو مستقبل میں زیادہ بڑے گھر کی ضرورت ہوگی۔ ایک اور قابل غور پہلو آپ کی ’پرائیویسی‘ ہے۔ آپ گھر کے کچھ حصوں کو زیادہ پرائیویٹ رکھنا چاہتے ہیں، تو اس بات کو بھی آپ کو فلور پلان پر لانا پڑے گا۔ آپ کو یہ بھی دیکھنا ہوگا کہ آپ کے لیے ’اوپن فلور پلان‘ زیادہ موزوں رہے گا یا ’کلوز فلور پلان‘۔ اوپن فلور پلان میں جگہ کا اچھا استعمال ہوتا ہے جبکہ کلوز فلور پلان میں آپ زیادہ سے زیادہ پرائیویسی حاصل کرسکتے ہیں۔

پلاٹ کی ہئیت: گھر کی تعمیر کے لیےآپ کو پلاٹ کی ہئیت (Shape)کو بھی مدنظر رکھنا ہوگا۔ اپنے آرکیٹیکٹ کے ساتھ مل بیٹھیں او ر اس بات کو یقینی بنائیں کہ پلاٹ کے سائز اور ہئیت کا بہترین استعمال کیا جائے۔ بصورت دیگر، آپ کو تعمیراتی لاگت مہنگی پڑسکتی ہے۔

ماحولیاتی عناصر: فلور پلان بناتے وقت آپ کو ماحولیاتی عناصر کو بھی مدنظر رکھنا ہوگا۔ مثلاً آپ کو یہ فیصلہ کرنا ہوگا کہ کچھ کمروں کے لیے پلاٹ کا شمالی حصہ بہتر رہے گا یا جنوبی۔ اس فیصلے پر پہنچنے کے لیے آپ کو سورج کی دھوپ اورہوا کے رُخ کو ذہن میں رکھنا ہوگا۔ سورج کی روشنی سے زیادہ مستفید ہونے کے لیے آپ کو اس کے مطابق، کھڑکیوں اور دروازوں کے لیے جگہ کا انتخاب کرنا ہوگا۔ آپ کو باہر کے ماحولیاتی شور کو بھی مدنظر رکھنا ہوگا اور کوشش کرنی ہوگی کہ کمروں کو اندر کی طرف رکھیں، جہاں باہر کا شور کم سے کم پہنچتا ہو۔ اس کے علاوہ، کمروں کی ترتیب اس طرح رکھیں کہ گھر میں ایک جگہ سے دوسری جگہ آنا جانا آسان ہو۔

Chatاپنی رائے سے آگاہ کریں