وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے کہا ہے کہ 9 مئی کیا ہے تو بھگتنا بھی پڑے گا، ملزمان پر جرم ثابت ہوا، سوا سال بعد سزائیں ہوئیں، آپ نے 9 مئی کو کیپٹن کرنل شیر خان کے مجسمے سمیت شہداء کی یاگاروں کو نقصان پہنچایا۔
قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے عطا تارڑ نے کہا کہ منصوبہ بندی کے تحت کیے گئے حملوں پر قانون کے مطابق سزائیں ہوئیں، فیصلے پر اعتراض ہے تو عدالت جائیں ایوان میں شور نہیں کریں۔
اس قبل پارلیمنٹ ہاؤس میں جیو نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے وزیر اطلاعات نے کہا کہ ایرانی صدر کا پاکستان کا دورہ بڑی اہمیت کا حامل تھا، دونوں اطراف سے بڑے اچھے جذبات کا اظہار کیا گیا، وزیراعظم نے فارسی شعر پڑھا جس کا ترجمہ ہے دوست وہی جو مشکل میں کام آئے۔
عطا تارڑ نے مزید کہا کہ اس دورے سے پاکستان اور ایران کے تعلقات میں بہت بہتری آئی ہے، پاکستان اور ایران کے تعلقات میں ایک نئے دور کا آغاز ہوا ہے۔
وزیر اطلاعات سے سوال کیا گیا کہ کیا پاک ایران گیس پائپ لائن منصوبے پر بھی کوئی بات ہوئی؟ جس کے جواب میں عطا تارڑ نے کہا کہ اس پر دیکھتے ہیں آگے کیا لائحہ عمل بنتا ہے، اوور آل دورہ بہت اچھا تھا۔
عطا تارڑ نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف اس وقت مختلف گروپس میں تقسیم ہے، یہ احتجاج پتہ نہیں علیمہ گروپ کر رہا ہے، بشریٰ گروپ کر رہا ہے، پتہ نہیں احتجاج گنڈاپور گروپ کر رہا ہے یا شیر افضل مروت گروپ، دیکھتے ہیں۔