اسلام آباد ( نیوز ایجنسیز ) سپریم کورٹ میں منرل واٹر کمپنیوں سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی۔چیف جسٹس آف پاکستان نے کہا کہ میں عوام سے التجا کرتا ہوں کہ منرل واٹر پینا بند کر دیں۔نلکے کاپانی ابال کر پئیں ، اللہ کے فضل سے کچھ نہیں ہو گا۔ چیف جسٹس نے مزید کہا کہ یہ کمپنیاں کام کرنا چاہتی ہیں تو ایک روپیہ فی لیٹر حکومت کو دیں، اس پر اعتزاز احسن نے موقف اپنایا کہ ہم پچاس پیسے فی لیٹر دے سکتے ہیں۔جسٹس ثاقب نثار نے ریمارکس دیئے ایک روپے کا پانی لے کر باون روپے میں بیچتے ہیں، لاہور میں زیر زمین پانی چار سو فٹ تک پہنچ گیا ہے، منرل واٹر کمپنیوں نے لاہور اور شیخوپورہ کو سکھا دیا ہے، چیف جسٹس نے کہا کہ منرل واٹر کمپنیاں زمین سے پانی نکال کر بوتلیں بھرتی ہیں۔ منرل واٹر کمپنیاں چھوٹی بوتل 32 روپے میں بیچ رہی ہیں۔ جسٹس اعجاز الاحسن نے کہا کہ کمپنیوں کا سالانہ منافع ایک ارب سے زائد ہے۔ دوران سماعت چیف جسٹس نے دلچسپ ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ ملک کے ساتھ عشق کریں۔