• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

فلم ڈونکی کنگ کا آجکل کی سیاست سے قطعی تعلق نہیں، عزیز جندانی

کراچی (ٹی وی رپورٹ)جیو کے پروگرام ”کیپٹل ٹاک“ میں کل ریلیز ہونے والی پاکستان کی سب سے بڑی اینیمیٹڈفلم”ڈونکی کنگ“ کے پروڈیوسرعزیز جندانی اور صداکار جان ریمبو اور عدیل ہاشمی سے گفتگو کی گئی۔ فلم ”ڈونکی کنگ“ کے پروڈیوسر عزیز جندانی نے کہا کہ فلم ڈونکی کنگ کا آج کل کی سیاست سے قطعی کوئی تعلق نہیں،صداکار جان ریمبو نے کہا کہ جان منگو کا کردار اپنا اپنا سا لگنے لگا ہے ،عدیل ہاشمی نے کہا کہ مجھے شہزادہ بننے کا بالکل شوق نہیں ہے،میں نے شیرشہزادے کے کردار کیلئے اصرار نہیں کیا تھا،فلم ڈونکی کنگ کا آج کل کی سیاست سے قطعی کوئی تعلق نہیں ہے، فلم کے مختلف سینز اور گانوں کو ملا جلا کر سیاسی رنگ دینے کی کوشش کی جارہی ہے جو غلط ہے، یہ نو سے ننانوے سال تک کے بچوں کیلئے سماجی اور فیملی تفریحی فلم ہے، ڈونکی کنگ ایک گدھے جان منگو کی کہانی ہے جو خواب دیکھنے کی جرأت کرتا ہے، جان منگوکا ماننا ہے کہ وہ گدھا پیدا تو ضرور ہوا ہے لیکن یہ ماننے کیلئے تیار نہیں کہ وہ گدھے کی طرح زندہ رہے اور گدھے کی طرح ہی مرجائے، جان منگو ایک جگہ آزاد نگر کا بادشاہ بن جاتا ہے اور وہاں کے لوگوں کے کام آتا ہے، جان ریمبو سمیت فلم کے تمام صداکار آسانی سے مان گئے تھے، خوش قسمتی سے ہمیں وہ تمام اداکار میسر ہوئے جنہیں سوچ کر ہم نے کردار بنائے تھے، ڈونکی کنگ مکمل طور پر پاکستان میں بنی ہے، اس فلم کی اینیمیشن اور لائٹنگ کا سارا کام پاکستان میں کیا گیا ہے، رینڈرنگ کا صرف تھوڑا سا حصہ چائنا میں کیا گیا، ڈونکی کنگ سے پاکستان کی اینیمیشن انڈسٹری عروج کی طرف جاسکتی ہے، اس فلم میں کچھ اداکاروں نے ایک سے زیادہ کرداروں کی صداکاری کی ہے، عرفان کھوسٹ اور اسماعیل تارا اس فلم میں ایک سے زائد کرداروں کی صداکاری کی ہے۔

تازہ ترین